بھکر،کمشنر کا ضلعی انتظامیہ و پولیس کی طرف سے کیے گئے انتظامات محرم کے جائزہ کیلئے ضلع کادورہ

ڈی سی آفس میں بریفنگ سیشن کا انعقاد

بدھ 20 ستمبر 2017 21:43

بھکر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 20 ستمبر2017ء) کمشنر سرگودہا ڈویژن ندیم محبوب نے ضلعی انتظامیہ و پولیس کی طرف سے کیے گئے انتظامات محرم کے جائزہ کیلئے بدھ کے روز ضلع بھکر کادورہ کیااس موقع پر ڈی سی آفس کے کمیٹی روم میں ایک بریفنگ سیشن منعقد کیاگیاجس کے دوران کمشنر کومحرم سیکیورٹی اورلاء اینڈآرڈر پلان کے بارے میں تفصیلات سے آگاہ کیاگیا۔

بریفنگ سیشن میں ڈپٹی کمشنر سید بلال حیدر ،ڈی پی او خالد مسعود،اے ڈی سی آرحافظ احمد طارق،اے ڈی سی جی کریم بخش،اسسٹنٹ کمشنرز،محکمہ صحت،تعلیم،سول ڈیفنس،پولیس،ضلع کونسل،میونسپل کمیٹیوں اوردیگر متعلقہ شعبوں کے افسران نے شرکت کی۔کمشنر سرگودہا ڈویژن ندیم محبوب کوبریفنگ دیتے ہوئے ڈپٹی کمشنر سید بلال حیدر نے محرم الحرام کے سلسلے میں ضلعی انتظامیہ کے زیر نگرانی کیے گئے انتظامات پرروشنی ڈالی۔

(جاری ہے)

انہوں نے ضلع میں امن عامہ برقراررکھنے اوربین المسالک ہم آہنگی کے فروغ کیلئے علمائے کرام واکابرین اورضلعی امن کمیٹی کے کردار وتعاون کے بارے میں بتایا اورکہاکہ ضلعی امن کمیٹی کے معزز اراکین کے مثالی تعاون ومشاورت سے ضلعی انتظامیہ وپولیس نے محرم الحرام کے دوران امن عامہ اورسیکیورٹی کے انتظامات کوحتمی شکل دے کر عملدرآمد کیلئے مربوط حکمت عملی وضع کرلی ہے اورنگرانی کیلئے ضلع،تحصیل اورتھانہ کی سطح پر کورمینجمنٹ ٹیمز تشکیل دی گئی ہیں۔

بریفنگ سیشن میں ڈپٹی کمشنر اورڈی پی او نے کمشنر سرگودہاڈویژن کو سیو دی بریو بھکر پراجیکٹ کی ترجیحات سے بھی آگاہ کیااوربتایا کہ اس کی بدولت سیکیورٹی اینڈویجی لینس سسٹم مزید مستحکم ہوگا۔کمشنر سرگودہاڈویژن ندیم محبوب نے ضلع بھکرمیں محرم سیکیورٹی اورلاء اینڈآرڈر کنٹرول کے ضمن میں کیے گئے مربوط انتظامات اوران پر عملدرآمد کیلئے ضلعی انتظامیہ وپولیس اورضلعی امن کمیٹی کے مابین اشتراک عمل کو سراہا۔

کمشنر سرگودہاڈویژن نے انتظامات محرم کے سلسلہ میں ٹیم ورک سپرٹ کو پوری طرح برقراررکھنے کی ضرورت پرزوردیتے ہوئے اس امر کی تاکید کی کہ امن عامہ میں خلل ڈالنے والے بیرونی شرپسندی واشتعال انگیزی اورتخریب وانتشار جیسے عوامل پرکڑی نظررکھی جائے۔انہوں نے کہاکہ امن وسلامتی کے بارے میں اسلام کے آفاقی پیغام کوعام کرنے،منافرت کومٹانے ،رواداری اوراتحادواخوت کوفروغ دینے کیلئے ہرشہری پر ذمہ داری عائد ہوتی ہے جس کی احسن تکمیل کیلئے سول سوسائٹی کے تمام شعبوں کو اپنا بھرپور کردار اداکرناہوگا۔

بعدازاں کمشنر سرگودہا ڈویژن ندیم محبوب نے ڈپٹی کمشنر سید بلال حیدر،ڈی پی او خالد مسعود،اے ڈی سی آرحافظ احمد طارق اوردیگر انتظامی افسران کے ہمراہ بھکر شہر میں محرم روٹس کامعائنہ کیاجس کے دوران انہوں نے محرم روٹس پر سیکیورٹی کے انتظامات کاتفصیلی جائزہ لیتے ہوئے اظہار اطمینان کیا۔انہوں نے ہدایت کی کہ محرم روٹس پرعمدہ صفائی اورسٹریٹ لائٹس سمیت جملہ میونسپل سروسز کی فراہمی یقینی بنائی جائے۔

متعلقہ عنوان :

بھکر میں شائع ہونے والی مزید خبریں