بھکر، شہر میںانتظامیہ کی غفلت اور عدم توجہی کے باعث تمام پارک اجڑ چکے ،بچے سیر وتفریح کی سہولتوں سے محروم

جمعرات 12 اکتوبر 2017 22:27

بھکر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 12 اکتوبر2017ء)بھکر شہر میںانتظامیہ کی غفلت اور عدم توجہی کے باعث تمام پارک اجڑ چکے ۔بچے ،خواتین اور بزرگ شہری سیر وتفریح کی سہولتوں سے محروم ۔ پارکوں کی مرمت اور دیکھ بھال کے لئے مختص فنڈ دیگر منصوبوں پر خرچ ہونے لگا۔ اس سلسلہ میں عوامی سماجی حلقوں نے کہاہے کہ پارکوں کی دیکھ بھال اور وہاں موجود سامان اور ملازمین کو چیک کرنے کے لئے عوامی کمیٹیاں بنائی جا ئیں جو نہ صرف نگرانی کے فرائض انجام دیں بلکہ اس سامان کی حفاظت بھی کریں کیونکہ ہر سال پارکوں کے نام پر مرمت اور دیگر سامان کی خریداری کی جاتی ہے لیکن یہ حقیقت سامنے نہیں آتی کہ پہلے والا سامان کہاں چلا گیا ہے ۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہاکہ چشتی ہوٹل سے ضلع کونسل تک سڑک کے ڈیوائڈر میں لگائے گئے پودے عدم توجہی اور بروقت پانی نہ ملنے کے باعث خشک ہوگئے ہیں اسی طرح تاریخی کمیٹی پارک بھی انتظامیہ کی توجہ نہ ہونے کی وجہ سے ویران ہونے لگا جس میں ملحقہ سکول نے اپنا سائیکل سٹینڈ بنا لیا اسی طرح سینیٹر ظفر اللہ خان ڈھانڈلہ اور ایم این اے ڈاکٹر محمد افضل خان ڈھانڈلہ سے منسوب ڈھانڈلہ پارک‘ بھکر کے عظیم سابق ڈی سی میاںجمیل کے نام سے منسوب جمیل چلڈرن پارک ‘سابق تحصیل ناظم ملک امجد کہاوڑ کے نام سے منسوب کہاوڑ پارک مکمل طور پر عملہ کی عدم توجہی کے باعث ویران ہو چکے ہیں جب کہ سابق ڈی سی چوہدری ریاض احمد سے منسوب گلشن ریاض اجڑنے کے بعد اس کے جنگلے توڑ کر اس میں ملحقہ بنکوں نے وہاں پر ویٹنگ روم بنا رکھے ہیں ‘عوامی سماجی حلقوں نے ڈپٹی کمشنر بھکر سید بلال حیدر سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ ان پارکوں کو اپنی اصلی حالت میں واپس لائیں تاکہ بھکر کے عوام اور بچے شام کے وقت ان میںتفریح کیلئے جا سکیں ۔

بھکر میں شائع ہونے والی مزید خبریں