پیک کے زیرانتظام جماعت پنجم اور ہشتم کے امتحانات کیلئے رجسٹریشن جاری

منگل 31 اکتوبر 2017 14:24

بھکر ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 31 اکتوبر2017ء) چیف ایگزیکٹو آفیسر ایجوکیشن چوہدری بابر مختار نے کہا ہے کہ پنجاب ایگزامینیشن کمیشن لاہور کے زیر اہتمام ہونے والے جماعت پنجم اور ہشتم کے امتحانات کا آغاز فروری 2018ء کے پہلے ہفتے میں متوقع ہے۔ اس سلسلہ میں امیدواروں کی رجسٹریشن کیلئے ضلع بھکر کے تمام 52کلسٹر سنٹروں پر رجسٹریشن فارم فراہم کردیئے گئے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ پیک کے زیر اہتمام ہونے والے جماعت پنجم او رہشتم کے امتحانات کی رجسٹریشن 30 اکتوبر سے 30 نومبر 2017ء تک جاری رہے گی۔ اس سلسلہ میں رجسٹرار محکمانہ امتحانات ملک حسنین حیدر کھرل نے بتایا کہ گورنمنٹ سکولز اور پنجاب ایجوکیشن فائونڈیشن کے تحت چلنے والے سکولوں کے تمام طلباء و طالبات کی رجسٹریشن لازمی ہو گی۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ گورنمنٹ سکولز کے طلباء وطالبات کی رجسٹریشن اپنے متعلقہ ایگزامینیشن کلسٹر سنٹر پر ہوگی جبکہ پرائیویٹ سکولوں کے طلباء وطالبات کی رجسٹریشن اپنے قریب ترین ایگزامینیشن کلسٹر سنٹر پر ہو گی۔

انہوں نے کہا کہ انفرادی حیثیت سے امتحان میں شمولیت کے خواہشمند پرائیویٹ امیدواران ضلع کے کسی بھی ایگزامینیشن کلسٹر سنٹر پر اپنی رجسٹریشن کرا سکتے ہیں۔ رجسٹریشن فارم تمام ایگزامینیشن کلسٹر سنٹروں سے مفت حاصل کیے جا سکتے ہیں اور کوئی داخلہ فیس نہ ہو گی۔ داخلہ فارم پنجاب ایگزامینیشن کمیشن کی ویب سائٹ www.pec.edu.pk سے بھی ڈائون لوڈ کیے جا سکتے ہیں۔

بھکر میں شائع ہونے والی مزید خبریں