ضلعی امن کور کمیٹی کے زیر اہتمام ریلی، بیت المقدس کو اسرائیلی دارالحکومت بنانے کی سازش کی مذمت

جمعہ 15 دسمبر 2017 23:19

بھکر ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 15 دسمبر2017ء)ملک بھر کی طرح بھکر میں بھی جمعہ کے روز یوم تحفظ بیت المقدس منایا گیا ۔اس موقع پر بھکر شہر میں ضلعی امن کور کمیٹی کے زیر اہتمام بہت بڑی پرامن احتجاجی ریلی منعقد کی گئی یہ احتجاجی ریلی امریکی صدر کی طرف سے بیت المقدس کو اسرائیلی دارالحکومت بنانے کی سازش کی مذمت کیلئے منعقد کی گئی جس میں علمائے کرام و اکابرین ،ضلعی انتظامیہ و پولیس کے افسران ،ضلعی امن کور کمیٹی کے عمائدین ،انجمن تاجران و آڑھتیان ،میڈیا کے نمایندگان اور سول سوسائیٹی کے تمام شعبوںسے تعلق رکھنے والے شہریوں نے کثیر تعداد میں شرکت کی ۔

یہ احتجاجی ریلی جامع مسجد عمرفاروق سے شروع ہو کر شہر کے معروف کنگ گیٹ پر اختتام پذیر ہوئی ۔اختتامی مقام پر ریلی کے شرکاء سے مفتی غلام سرور رضوی ،مولانا ذکاء اللہ ،مولانا عبدالرحیم رضوی ،مولانا محمد صفی اللہ ،ضلعی امن کور کمیٹی کے کنوینررانا آفتاب احمد خاں،سید سکندر رضا نقوی،رانا محمد حنیف ،سید علی حسنین چشتی،شیخ محمد ایوب ،قاری عبدالشکور ،وقار احمد طاہر ،محمد افضل خان اور ملک عاشق کھوکھر نے خطاب کیا ۔

(جاری ہے)

ان مقررین نے امریکی صدر کی طرف سے بیت المقدس کو اسرائیلی دارالحکومت بنانے کی مذموم سازش کی شدید الفاظ میں مذمت کی اور کہا کہ عالم اسلام کے قبلہ اول بیت المقدس کو اسرائیلی دارالحکومت بنانے کی امریکی سازش پر پورا عالم اسلام سراپا احتجاج ہے اور اس ناپاک سازش کا غیرت اسلامی اور مکمل اتحاد کیساتھ ڈٹ کر مقابلہ کیا جائے گا ۔انہوں نے کہا کہ امریکہ اور اسرائیل کی اس ناپاک جسارت پر پورے ملک میں احتجاج کا فیصلہ کر کے حکومت پاکستان نے مستحسن اقدام کیا ہے جو اس امر کا ثبوت ہے کہ شعائر اسلامی کے خلاف ناپاک سازش پر احتجاج کیلئے حکومت اور عوام ایک پیج پر ہیں ۔

انہوں نے کہا کہ مسلمان غیر ت اسلامی سے مامور ہیں اور قبلہ اول کا تحفظ اور آزادی ان پرفرض ہے ۔مقررین نے کہا کہ شعائر اسلام کے خلاف عالم کفر کی ناپاک سازشوں کو کامیاب نہیں ہونے دیا جائے گا۔احتجاجی ریلی کے اختتام پر ملک میں امن و سلامتی اور تمام عالم اسلام کے اتحاد واخوت کیلئے خصوصی دعا کی گئی ۔

بھکر میں شائع ہونے والی مزید خبریں