بھکر،یوم یکجہتی کشمیر کے موقع پر مظلوم کشمیری بھائیوں کے جذبہ حریت کو سلام پیش کرنے کیلئے سیمینا ر کا انعقاد

پوری پاکستانی قوم مظلوم کشمیری عوام کی امنگوںکے عین مطابق مسئلہ کشمیر کے بلاتاخیر اورمنصفانہ حل کی خواہاں ہے ، سیمینار سے مقررین کا خطاب

پیر 5 فروری 2018 20:24

بھکر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 05 فروری2018ء) یوم یکجہتی کشمیر کے موقع پر مظلوم کشمیری بھائیوں کے حق خودارادیت وآزادی کی مکمل حمایت اورانکے جذبہ حریت کو سلام پیش کرنے کیلئے ضلعی انتظامیہ کے زیر اہتمام مرکزی یکجہتی سیمینار گورنمنٹ ماڈل ہائی سکول میں منعقدکیاگیاجس میں ڈپٹی کمشنر سید بلال حیدر مہمان خصوصی تھے۔سیمینار میں بھکر سے تعلق رکھنے والے شہید کارگل کیپٹن محمد اصغرخان کے بھائی اللہ بخش خان کوبطورخاص مدعو کیاگیاجن کو ڈپٹی کمشنر سید بلال حیدر نے خصوصی گلدستہ پیش کیا۔

یوم یکجہتی کشمیر ریلی اورسیمینار کے موقع پر اے ڈی سی ریونیو حافظ احمد طارق،اے ڈی سی جی کریم بخش،چیف ایگزیکٹو آفیسرایجوکیشن بابرمختارودیگر افسران محکمہ تعلیم ،تقریبات یوم یکجہتی کشمیر کے فوکل پرسن/ڈپٹی ڈائریکٹر سوشل ویلفیئر خضرحیات بلوچ اوردیگر سرکاری محکموں کے افسران،تعلیمی اداروں کے سربراہان واساتذہ،انجمن تاجران کے ضلعی صدر رانامحمد حنیف سمیت سول سوسائٹی کے سرکردہ افراد،میڈیا کے نمائندگان اورطلباء وطالبات نے شر کت کی۔

(جاری ہے)

ڈپٹی کمشنر سید بلال حیدر نے بحیثیت مہمان خصوصی سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ پوری پاکستانی قوم مظلوم کشمیری عوام کی امنگوںکے عین مطابق مسئلہ کشمیر کے بلاتاخیر اورمنصفانہ حل کی خواہاں ہے اورشہدائے کشمیر کی قربانیوں کو خراج تحسین پیش کرتی ہے۔انہوں نے کہاکہ حکومت پاکستان کشمیر کے دیرینہ مسئلہ کے پرامن حل کیلئے اخلاقی،سیاسی اورسفارتی حمایت جاری رکھے ہوئے ہے۔

انہوں نے کہاکہ حکومت پاکستان کشمیریوں کو ان کاحق خودارادیت دلانے کیلئے عالمی سطح پر مخلصانہ کوششیں کررہی ہے تاکہ کشمیر پر بھارت کے غاصبانہ قبضہ اورظلم وبربریت کے خاتمہ کیلئے اقوام عالم کادبائو بڑھایا جاسکے۔ڈپٹی کمشنر نے کشمیری عوام کے لازوال جذبہ حریت وقربانی کوشاندار خراج تحسین پیش کرنے کیلئے یکجہتی سیمینار کے انعقاد کوعمدہ کاوش قراردیا۔سیمینار میںشریک سکولوںکے طلباء وطالبات نے کشمیریوں سے مکمل یکجہتی کے اظہار کیلئے مختلف ٹیبلوز،تقاریر اورکشمیری نغمے پیش کیے جن کو مہمان خصوصی سمیت تمام شرکائے تقریب نے بے حد سراہا۔

بھکر میں شائع ہونے والی مزید خبریں