ہفتہ فیملی پلاننگ 19فروری سے منایاجائے گا

منگل 13 فروری 2018 16:47

بھکر۔13 فروری(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 13 فروری2018ء) ڈپٹی ڈسٹرکٹ پاپولیشن ویلفیئر آفیسر(سی اینڈٹی)محمد رمضان اعوان نے کہاہے کہ محکمہ بہبودآبادی کے زیر انتظام پنجاب بھرمیں فیملی پلاننگ ویک 19 سے 24فروری تک بھرپور اندازمیں منایاجائے گا۔جس کابنیادی مقصد عوا م الناس میں بڑھتی ہوئی آبادی کے مسائل اجاگرکرنا،ماںبچے کی صحت کے حوالے سے احتیاطی تدابیر ،ماںبچے کی صحت کیلئے اولاد میں3سال کاکم ازکم وقفہ،کم عمری کی شادی کی حوصلہ شکنی اوربچیوں کی خصوصی تعلیم بارے شعوراجاگر کرناہے،فیملی پلاننگ ویک کاآغاز 19فروری کو تحصیل بھکر میں کچہری چوک تا لاری اڈا واک سے ہوگا،تحصیل دریاخان میں میزائل چوک تا تحصیل آفس دریاخان ریلی،تحصیل منکیرہ میں ججز کالونی تا ٹی ایم اے آفس واک اورتحصیل کلورکوٹ میں تحصیل آفس تا ریلوے اسٹیشن واک ہوگی۔

(جاری ہے)

اس کے علاوہ ضلع میں موجود تمام فیملی ویلفیئر سینٹرز پر فیملی پلاننگ انفارمیشن بوتھ قائم کئے جائیںگے،20فروری کو ضلعی آفس محکمہ آبادی میں مختلف کالجز کے طلباء کے مابین ''بڑھتی ہوئی آبادی کے ملکی معیشت پر اثرات''کے عنوان سے تقریری مقابلہ ہوگا،23فروری کو ملٹی پرپز ہال سی ای او ہیلتھ آفس بھکرمیں ''آبادی وترقی ''کے عنوان پر سیمینار ہوگا،24فروری کو گرین ٹائون بھکرمیں پکنک کااہتمام کیاجائیگاجس میں خواتین کی بھرپور شرکت یقینی بنائی جائے گی تاکہ بڑھتی ہوئی آبادی وخواتین کے کردار کو اجاگر کیاجاسکے۔

بھکر میں شائع ہونے والی مزید خبریں