بھکر،ضلعی انتظامیہ نے گزشتہ ایک سال کے عرصہ میں متعدد خصوصی ترقیاتی و فلاحی اور گورننس کے منصوبے مکمل کئے ہیں،سید بلال حیدر

ْبھکر کی 70 سالہ تاریخ پر مبنی بیسٹ آف بھکر میگزین کی اشاعت کرکے ضلعی انتظامیہ نے بھکر کی ثقافت ،نامور شخصیات ،زرعی معیشت ،تاریخی حیثیت اور قومی ترقی میں بھکر کے کردار کو احسن انداز میںاجاگر کیا ہے ، ڈپٹی کمشنر بھکر

بدھ 30 مئی 2018 22:06

بھکر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 30 مئی2018ء) ضلعی انتظامیہ نے گزشتہ ایک سال کے عرصہ میں متعدد خصوصی ترقیاتی و فلاحی اور گورننس کے منصوبے مکمل کئے ہیں جن کی بدولت ملکی سطح پر ضلع بھکر کی پہچان میں نمایاں اضافہ ہو ا ہے۔یہ بات ڈپٹی کمشنر سید بلال حیدر نے اپنے دفتر میں میٹ دی پریس کے دوران اظہار خیال کرتے ہوئے کہی۔انہوں نے میٹ دی پریس میں الیکٹرانک اور پرنٹ میڈیا کے نمایندگان کو تفصیلات بتاتے ہوئے کہا کہ بھکر کی 70 سالہ تاریخ پر مبنی بیسٹ آف بھکر میگزین کی اشاعت کرکے ضلعی انتظامیہ نے بھکر کی ثقافت ،نامور شخصیات ،زرعی معیشت ،تاریخی حیثیت اور قومی ترقی میں بھکر کے کردار کو احسن انداز میںاجاگر کیا ہے ۔

انہوں نے کہا کہ یہ میگزین ملک کی تمام یونیورسٹیز ،کالجز ،ائیرلائینز،ٹرانسپورٹ ٹرمینلز،ریلوے اسٹیشنز ،سرکاری دفاتر اور دیگر اداروں میں تقسیم کرایا جائے گا ۔

(جاری ہے)

ڈپٹی کمشنر نے میٹ دی پریس میں خصوصی ترقیاتی و فلاحی منصوبوں کی تفصیل بتاتے ہوئے کہا کہ ضلع کے 24 کالجز میں 6 مضامین میں ایم ایس سی کی کلاسز شروع کرائی گئیں جبکہ ڈی پی ایس میں او لیول ایجوکیشن سسٹم رائج کیا گیا اور آئندہ 14 اگست سے ڈی پی ایس میں انٹر کلاسز شروع کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے ۔

انہوں نے کہا کہ اکیڈمک اپ لفٹ پلاننگ کے تحت ڈی پی ایس وقت گزرنے کیساتھ یونیورسٹی کا درجہ حاصل کرلے گاڈپٹی کمشنر سید بلال حیدر نے کہا کہ بھکر میں اپنی نوعیت کا پہلا لیڈیز ہیلتھ اینڈ فٹنس کلب قائم کیا گیا جو باقاعدہ بورڈ آف مینجمنٹ کے تحت کامیابی سے کام کررہا ہے اور اس میں 668 خواتین اب تک ممبر شپ حاصل کر چکی ہیں، انہوں نے بتایا کہ خواتین کیلئے ای لائیبریری بھی تین چار دن میں قائم کردی جائے گی جو جدید کمپیوٹرز اور کتابوں سے آراستہ ہوگی ۔

انہوں نے بتایا کہ تھل آرٹس کونسل کا سنگ بنیاد رکھا جا چکا ہے جو 160 ملین روپے کی خطیرلاگت سے قائم کی جائے گی اور اس میں تین سو افراد کیلئے ائیرکنڈیشنڈآڈیٹوریم بنا یا جائے گا۔آرٹس کونسل کے احاطہ میں ریشماں میوزیکل اکیڈمی بھی بنائی جائے گی ۔خصوصی افراد کیلئے ضلعی انتظامیہ کے فلاحی اقدامات کاتذکر ہ کرتے ہوئے ڈپٹی کمشنر نے بتایا کہ ضلع بھر میں ڈیڑھ ہزار خصوصی افراد کو ٹرائی سائیکلز،رکشہ جات ،بیساکھیاں ،سفید چھڑیاں ،سمعی و بصری و دیگرامدادی آلات کی فراہمی مکمل کی جائے گی ۔

انہوں نے مزید کہا کہ ضلع کی اہم شاہراہوں پر آگاہی کیلئے سائن بورڈز لگوائے گئے ہیںجبکہ بھکر شہر،ایم ایم روڈ اور کوٹلہ جام کے مقامات پر چھ اہم چوکوں کی تزئین و آرائش کرکے انہیں خوبصورتی کا ماڈل بنایا گیا ہے ۔انہوں نے کہا کہ ضلعی انتظامیہ نے سیر و سیاحت کے شعبے پر بھی خصوصی توجہ دی اور ڈی ایچ کیو ہسپتال کے سامنے خانسرروڈ کیساتھ منی زوبھکر بنایا گیا ہے جس کا افتتاح دو جون کو کیا جائے گا ۔

سویٹ ہوم کے 100 بچوں کیلئے جدید رہائشی سہولیات سے آراستہ آرفن ہائوس تکمیل کے آخری مراحل میں ہے۔ڈپٹی کمشنر نے بتایا کہ ویمن اینڈ چلڈرن ایس او ایس ویلج کے قیام کیلئے 50 کنال اراضی مختص کردی گئی ہے اسی طرح ڈسٹرکٹ جیل میں ڈاکٹرز اور سائیکالوجسٹ کی سہولت دی گئی ہے جبکہ جیل میں قیدی خواتین کے بچوں کو انگلش میڈیم سکولوں میں تعلیم دلوانے اور انکو ٹرانسپورٹ کی فراہمی کا اہتمام کیا جارہاہے ۔

ضلع کی تعلیمی ترقی کیلئے ضلعی انتظامیہ کے معاون اقدامات کا ذکر کرتے ہوئے ڈپٹی کمشنر نے بتایا کہ ضلع میں لمز کے تعلیمی اشتراک کے معاہدہ پر تقریبا ڈیڑھ ماہ قبل لمز کے وائس چانسلر اور ضلعی انتظامیہ نے دستخط کردئے ہیں ۔لمز کے ٹیچرز بھکر کے سکولوں میں پڑھائیں گے اور یہاں کے ٹیچرز لمز سے ٹریننگ حاصل کریں گے ۔انہوں نے بتایاکہ یونیورسٹی آف بھکر ائندہ اکتوبر میں تدریسی سرگرمیاں شروع کر دے گی ۔

ضلع میں صنعتی ترقی کیلئے تھل انڈسٹریل اسٹیٹ سرائے مہاجر کے مقام پر قائم کی جارہی ہے جس میں 240 فیکٹریاں لگیں گی ۔ڈپٹی کمشنر نے ضلعی انتظامیہ کی-" ایک یونین کونسل - -- چارپلے گرائونڈز پروگرام " کی تفصیلات پر روشنی ڈالتے ہوئے بتایاکہ ضلع کی 64 یونین کونسلوں میں سے 55 یونین کونسلوں میں پلے گرائونڈز بن چکے ہیں اور جنڈانوالہ سٹیڈیم کی تعمیر بھی مکمل ہوچکی ہے ۔

ڈپٹی کمشنر نے بتایا کہ بے روزگار افراد کی معاونت کیلئے بنائے گئے بھکر جاب بیورومیں 950 بے روزگار افراد کی رجسٹریشن ہو چکی ہے جن میں سے 27 بے روزگار افراد کو روزگار مل چکا ہے ۔انہوں نے کہا کہ ضلع کے تینوں ٹی ایچ کیو ہسپتالوں اور ڈی ایچ کیو ہسپتال میں مخیرافراد کے تعاون سے ان ڈور مریضوں کو تین وقت کے مفت کھاناکا پروگرام کامیابی سے جاری ہے علاوہ ازیں ضلع کے شہری علاقوں میں عوام کی سہولت کیلئے پبلک ٹائلٹس بھی بنوائے گئے ہیں ۔

متعلقہ عنوان :

بھکر میں شائع ہونے والی مزید خبریں