ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی کرنے والے امیدواروں کے خلاف کارروائی کی جائے گی ،ڈپٹی کمشنر

ہفتہ 7 جولائی 2018 14:38

بھکر۔7 جولائی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 07 جولائی2018ء) ڈپٹی کمشنر / ڈسٹرکٹ مانیٹرنگ آفیسر نے ضلع بھر میں الیکشن 2018ء کے امیدواروں پر واضح کیا ہے کہ الیکشن کمیشن آف پاکستان کی طرف سے جاری کئے گئے ضابطہ اخلاق کے مطابق انتخابی مہم کے دوران سیاسی اجتماعات اور ریلیوں میں اسلحہ کی نمائش پر مکمل پابندی عائد ہے اور اس پابندی کی خلاف ورزی ہرگز نہ کی جائے ورنہ حسب ِضابطہ کارروائی کی جائے گی ۔

انہوںنے یہ بات ڈسٹرکٹ الیکشن کمیشن کے توسط سے ضلع کے تمام انتخابی امیدواروں کو ارسال کئے گئے مراسلہ میں کہی ہے ۔ڈپٹی کمشنر نے بتایاکہ ہوم ڈپارٹمنٹ پنجاب نے پالیسی بنادی ہے کہ جن انتخابی امیدواروں کو سیکیورٹی خطرات درپیش ہوںوہ دو پرائیویٹ سیکیورٹی گارڈز رکھنے کی اجازت کیلئے متعلقہ مجاز اتھارٹی کو درخواست دے سکتے ہیں اور مجاز اتھارٹی کی طرف سے منظوری کی صورت میں انتخابی امیدوار گارڈزاور لائسنس یافتہ اسلحہ کی تفصیلات مقامی تھانہ میں فراہم کرے گا جس پر انتخابی امیدوار کے گارڈز کو تھانہ سے شناختی کارڈ جاری کیا جائے گا اور وہ اس کارڈ کو انتخابی امیدوار کیساتھ سیکیورٹی ڈیوٹی کے دوران نمایاں طور پر آویزاں کرنے کے پابند ہوں گے ۔

(جاری ہے)

ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ پرائیویٹ گارڈز رکھنے کی ضرورت کے پیش ِنظر انتخابی امیدوار اجازت کیلئے درخواستیں فوری طور پر ڈی سی آفس کے الیکشن سیل میں جمع کروائیں تاکہ مجاز فورم پر جائزہ لے کر ان کا فیصلہ کیاجاسکے ۔

بھکر میں شائع ہونے والی مزید خبریں