بھکر،بین الصوبائی اور بین الا ضلاعی پولیس چیک پوسٹس پر چیکنگ سخت

پولیس ناکہ جات اور پولیس چیک پوسٹس پر مسافروں اور گاڑیوں کی سخت نگرانی کی جائے، اس وقت ضلع بھکر کی تمام بڑی شاہرائوں پر ضلعی حدودشروع ہونے کے ساتھ ہی پولیس چیک پوسٹس قائم کی جا چکی ہیں،ڈی پی او بھکر خرم شکور کی ہدایات

جمعہ 14 ستمبر 2018 22:16

بھکر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 14 ستمبر2018ء) ڈی پی او بھکر خرم شکور کی ہدایات پربین الصوبائی اور بین الا ضلاعی پولیس چیک پوسٹس پر چیکنگ سخت کردی گئی ہے۔تفصیلات کے مطابق ڈی پی او بھکر نے جملہ پولیس افسران کو سختی سے تاکید کی ہے کہ پولیس ناکہ جات اور پولیس چیک پوسٹس پر مسافروں اور گاڑیوں کی سخت نگرانی کی جائے۔ اس وقت ضلع بھکر کی تمام بڑی شاہرائوں پر ضلعی حدودشروع ہونے کے ساتھ ہی پولیس چیک پوسٹس قائم کی جا چکی ہیں۔

ملحقہ اضلاع ڈیرہ اسماعیل خان، میانوالی،خوشاب، لیہ اور جھنگ سے جو بھی گاڑیاں بھکر کی حدود میں داخل ہو رہی ہیں انکی چیکنگ کی جارہی ہے۔ محرم الحرام میں امن و امان کی صورت حال یقینی بنانے کیلئے ہر آنے جانے والے شخص پر کڑی نظر رکھی جارہی ہے۔

(جاری ہے)

اس ضمن میںگزشتہ شب بین الصوبائی چیک پوسٹ ، داجل پرAC بس کی چیکنگ کے دوران مسمی کبیر خان ولد میر باز خان ملا خیل کنڈی تحصیل و ضلع لکی مروت سے 1100 گرام چرس برآمد کرلی گئی۔

جس پر تھانہ صدر بھکر میں مقدمہ درج کردیا گیا ہے۔ اس موقع پر ڈی پی او بھکر کا مزید کہنا تھا دہشت گردی کے خطرات سے نمٹنے کیلئے پولیس چیک پوسٹس پر چیکنگ کا عمل نا گزیر ہے۔ داجل چیک پوسٹ چونکہ صوبہ پنجاب اور صوبہ خیبر پختونخواہ کے سنگم پر واقع ہے لہذا یہاں پر سخت چیکنگ عمل میں لائی جارہی ہے۔ حالیہ صورت حال اور محرم الحرام میں سیکیورٹی تھریٹس کے پیش نظر داجل چیک پوسٹ پر خصوصی نگرانی انتہائی اہمیت کی حامل ہے۔ عوام الناس بھی اس موقع پر پولیس کے ساتھ تعاون کرے۔ البتہ کسی بھی شکایت کی صورت میںوہ سینئر پولیس افسران سے رابطہ کر سکتے ہیں۔

بھکر میں شائع ہونے والی مزید خبریں