بھکر، ضلع کے ایجوکیشن سسٹم میں جدید طرز کی اصلاحات متعارف کرانے کا فیصلہ

ہفتہ 19 جنوری 2019 22:19

بھکر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 19 جنوری2019ء)ڈپٹی کمشنر وقاص رشید کی خصوصی کاوشوں سے ضلع کے ایجوکیشن سسٹم میں جدید طرز کی اصلاحات متعارف کرانے کا فیصلہ کیا گیا ہے ۔اس ضمن میں اے ای اوز ،سرکاری سکولوں کے اساتذہ ،ڈی پی ایس اور ٹی پی ایس کے اساتذہ کیلئے عالمی معیار کی تین روزہ ٹریننگ پروفیشنل اینڈ کنسلٹینسی پروگرام کا خصوصی انعقاد بھکر جاب بیورو میں کیا گیا ہے جوکہ ضلع کے تعلیمی نظام میں پہلااور منفرد نوعیت کا پروگرام ہے ۔

ٹریننگ سیشن میں انسٹی ٹیوٹ آف پروفیشنل ایکسیلینس کی چیف ایگزیکیٹوآفیسر محترمہ نصرت ہمدانی کو اساتذہ اور اے ای اوز کی جدید طریقہ ہائے تدریس کے حوالہ سے آگاہی کیلئے خصوصی طور پر مدعو کیا گیاہے ۔انہوں نے ٹریننگ سیشن میں ضلع کے تعلیمی نظام کو جدید خطوط پر استوار کرنے کیلئے اے ای اوز اور اساتذہ کو خصوصی لیکچرز اور تدریسی عمل کے حوالہ سے تکنیکی مہارتوں سے روشناس کرایا ۔

(جاری ہے)

ٹریننگ سیشن میں ڈپٹی کمشنر وقاص رشید نے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ مذکورہ ٹریننگ سیشن کا بنیادی مقصد ضلع کے ایجوکیشن سسٹم کو جدید طریقہ ہائے تدریس سے متعارف کرانا ہے ۔انہوںنے کہاکہ پروفیشنل ٹریننگ اینڈ کنسلٹینسی پروگرام سے اے ای اوز اور اساتذہ کی تدریسی لحاظ سے کارکردگی میں نمایاں اضافہ ہوگاجس سے ضلع کے تعلیمی نظام میں خاطر خواہ بہتری آئے گی ۔

بھکر میں شائع ہونے والی مزید خبریں