بھکر،ضلع کی پرامن فضا کو خراب کرنیوالے شرپسند عناصر کو نہیں چھوڑیں گے ، ڈپٹی کمشنر سیدموسیٰ رضا

جمعرات 1 جولائی 2021 23:58

بھکر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 01 جولائی2021ء) ضلع کی پرامن فضا کو خراب کرنیوالے شرپسند عناصر کو نہیں چھوڑیں گے ،ضلعی امن کمیٹی کے ممبران ہمارے بازو ہیں،ضلع کے امن کو برقرا رکھنے کیلئے تمام ممبران کی گراںخدمات ہیں ۔یہ بات ڈپٹی کمشنر سیدموسیٰ رضا نے عید الاضحی اور محرم الحرام کے سلسلہ میں منعقدہ ضلعی امن کمیٹی کے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئی کہی ۔

انہوں نے کہا کہ حسب سابق امسال بھی عید الضحیٰ اور محرم الحرام کے موقع پر عمدہ ترین انتظامات یقینی بنائیں جائیں گے۔اجلاس میں اے ڈی سی جی عباس رضا ناصر ،ایس پی انوسٹی گیشن اسد اللہ خان ،ڈی ایس پی صدر احمد سجاد چیمہ ،ڈسٹرکٹ آفیسر سی ٹی ڈی ذوالفقار حسن، ضلعی امن کمیٹی کے ممبران رانا آفتاب احمد خاں ،سید سکندر رضا نقوی ،رانا محمد اشرف خاں،شیخ محمد ایوب ،زبیر محمود مغل ،حاجی ریاض حسین سیال ،مولانا عبدالرحیم رضوی ،قاری عبد الشکور ،سید قیصر عباس نقوی ،سید عارف حسین قدوسی ،صاحبزادہ عابد سلطان ،سید آصف رضا عابدی ،مولانا ابوبکر،مولانا ذکاء اللہ خالد،حاجی مرتضیٰ شاہ ،صفدر حسین عاصم ،چوہدری محمد ریاض کمبوہ ،محمد اقبال جوڑا،سید محمد علی نقوی ،ملک عاشق حسین کھوکھر مفتی طیب ارشد سمیت دیگر معزز ممبران نے شرکت کی ۔

(جاری ہے)

ضلعی امن کمیٹی کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے ڈپٹی کمشنر سیدموسیٰ رضا نے کہاکہ ضلع کے بہتر مفاد کیلئے ہم سب کو اجتماعی کوششیںکرنا ہونگی تاکہ شرپسند عناصر کے مذموم عزائم خاک میں مل جائیں ۔انہوں کہا کہ سوشل میڈیا اور دیگر فورم کو شر پسندی کیلئے استعمال کرنے والوںکا سخت محاسبہ یقینی بنایا جائے گا اس ضمن میں قانون نافذ کرنیوالے ادارے مکمل طور پر چوکنا ہیںاوراس سلسلہ میں ضلعی امن کمیٹی کے ممبران کا بھی ہمیں مکمل تعاون حاصل ہے ۔

اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے معزز ممبران امن کمیٹی نے کہا کہ ضلع بھکر ہمارااپنا شہر ہے اور اس میں مذہبی منافرت اور شر پسندی کی کسی کو ہرگز اجازت نہیں دی جائیگی اس سلسلہ میں ضلعی امن کمیٹی کے تمام ممبران ایک پیج پر ہیں ۔مقررین نے خطا ب کرتے ہوئے کہا کہ حسب سابق اس سال بھی محرم الحرام میں مکمل یکجہتی اور بھائی چارہ کی فضا کو برقرار رکھا جائے گا اور ضلعی انتظامیہ کے ہر فیصلہ کی مکمل تائید کی جائیگی ۔

ممبران امن کمیٹی نے عید الاضحی اور محرم الحرام کے موقع پر انتظامی امور کو عمدہ ترین بنانے کے حوالہ سے مفید تجاویز پیش کیں جن کا ڈپٹی کمشنر نے خیر مقدم کیا اور ان تجاویز پر من و عن عملدرآمد کی یقینی دہانی کراوئی۔مقررین نے سوشل میڈیا پر مذہبی منافرت پھیلانے والوں کے خلاف سخت ایکشن لینے کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا کہ ایسے عناصر کے خلاف زیرو ٹالرینس پالیسی اختیار کی جائے چاہئے ان کا تعلق کسی بھی مکتبہ فکر سے ہو تاکہ کوئی بھی شرپسند ضلع کے امن کو خراب کرنے کی جسارت نہ کرسکے۔

اجلاس کے اراکین نے عید الاضحی کے موقع پرضلع بھرکی صفائی ستھرائی اور سیکیورٹی کے حوالہ سے گذشتہ سال کی کارکردگی کو عمدہ قرار دیتے ہوئے امسال بھی اسی طرح کے بہترین انتظامات کو یقینی بنانے کی ضرورت پربھی زور دیا ۔اجلاس سے ڈپٹی کمشنر سیدموسیٰ رضا نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ علمائے کرام اور خطیب حضرات اپنے خطبات میں کورونا ویکسین کے حوالہ سے عوام الناس کوخصوصی آگاہی بھی فراہم کریں۔ علاوہ ازیں انہوں نے کہا کہ عید الاضحی کے موقع پر گذشتہ سال سے بھی بہتر انتظامات کئے جائیں گے اور محرم الحرام سے قبل ہی جلوس روٹس کی مرمت اور دیگر انتظامی امور مکمل کر لئے جائیں گے ۔اجلاس کے اختتام پر ملکی سلامتی کیلئے خصوصی طور پر دعا کی گئی

بھکر میں شائع ہونے والی مزید خبریں