بھکر میں جوائے لینڈ بنانے کا فیصلہ، 75ملین روپے لاگت آئے گی

منگل 31 جنوری 2017 22:24

بھکر۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 31 جنوری2017ء)ڈپٹی کمشنر سید بلال حیدر نے کہاہے کہ عوام الناس کو عمدہ معیار کی تفریحی سہولیات کی فراہمی کیلئے بھکر شہرمیںخوبصورت جوائے لینڈ بنانے کا فیصلہ کیاگیا ہے جس پر 75ملین روپے لاگت آئے گی اور اس کی تکمیل کم ازکم مدت میں یقینی بنائی جائے گی۔انہوں نے اس امر کاانکشاف اپنے دفتر میں منعقدہ ڈویلپمنٹ بریفنگ سیشن سے خطاب کرتے ہوئے کیا جس کے دوران انہوں نے ضلع کے ترقیاتی عمل کے سلسلہ میں تعمیراتی وانتظامی محکموں کی کارکردگی کاتفصیلی جائزہ لیااور تعمیراتی محکموں کے سربراہان کو حکم دیاکہ متعلقہ دائرہ کار کی ترقیاتی سکیموں پر معیار ی اندازمیں تیزرفتار عملدرآمد وضع کردہ ٹائم لائن کی کامل پیروری کے تحت یقینی بنایاجائے تاکہ ضلع کے عوام کو ترقیاتی منصوبہ بندی کے ثمرات جلدازجلد فراہم کیے جاسکیں۔

(جاری ہے)

اس موقع پرایڈیشنل ڈپٹی کمشنر جنرل(اے ڈی سی جی)کریم بخش بھی موجود تھے۔اجلاس میں تعمیراتی محکموںکے سربراہان نے متعلقہ دائرہ کار کی ترقیاتی سکیموں پر عملدرآمد کے سلسلہ میں بریفنگ دی۔ڈپٹی کمشنر سید بلال حیدر نے متعلقہ شعبوں کو ہدایت کی کہ تفریحی سرگرمیوںکے فروغ کیلئے جوائے لینڈ کے قیام کے ضمن میں انتظامات کی مفصل رپورٹ مرتب کرکے پیش کی جائے۔

انہوں نے کہاکہ ضلع میںجملہ شعبوں کے ترقیاتی عمل پر حسب منشا عملدرآمد تعمیراتی محکموں کی اولین ذمہ داری ہے اور اس ضمن میں کسی بھی محکمہ کی سست روی کو ہرگز برداشت نہیں کیا جائے گا۔ڈپٹی کمشنر نے جملہ ترقیاتی سکیموں کی تکمیل تک انتظامی وتعمیراتی محکمہ جات کو آپس میں قریبی رابطہ استوار رکھنے کی ہدایت کی تاکہ ترقیاتی امور میںتاخیر والتوا ء کا عنصر جنم نہ لینے پائے۔انہوں نے کہاکہ سالانہ ترقیاتی پروگرام پر عملدرآمد کو جانچنے کیلئے پندرہ روزہ بنیاد پر جائزہ اجلاس منعقد کیے جائیں گے۔انہوں نے تعمیراتی محکموں کے سربراہان کو حکم دیا کہ ترقیاتی سکیموں پر کی گئی پیش رفت کی مکمل تفصیلات ہر جائزہ اجلاس میں پیش کی جائیں۔

بھکر میں شائع ہونے والی مزید خبریں