سرگودھا، بھلوال تحصیل کی طاقت کو ختم کرکے اس میں سے مزید دو تحصیلیں بنا دی گئی ہیں،ڈاکٹر زاہد اقبال غوری

مگر سیاستدانوں نے اس پر مجرمانہ خاموشی اختیار کی اور آج بھی بھلوال آبادی کے لحاظ سے حافظ آباد سمیت کئی اضلاع سے بڑی تحصیل ہے اس کو ضلع بنوانے کیلئے اپنی تمام صلاحیتیں بروئے کار لائونگا،چیئرمین بھلوال ویلفیئر سوسائٹی پروگرام میٹ دی پریس سے خطاب

اتوار 27 مئی 2018 20:40

سرگودھا (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 27 مئی2018ء) بھلوال تحصیل کی طاقت کو ختم کرکے اس میں سے مزید دو تحصیلیں بنا دی گئی ہیں مگر سیاستدانوں نے اس پر مجرمانہ خاموشی اختیار کی اور آج بھی بھلوال آبادی کے لحاظ سے حافظ آباد سمیت کئی اضلاع سے بڑی تحصیل ہے اس کو ضلع بنوانے کیلئے اپنی تمام صلاحیتیں بروئے کار لائونگا ان خیالات کا اظہار امیدوار برائے صوبائی اسمبلی حلقہ پی پی 73 و چیئرمین بھلوال ویلفیئر سوسائٹی ڈاکٹر زاہد اقبال غوری نے ایڈیٹرز کونسل سرگودھا ڈویژن کے پروگرام میٹ دی پریس سے خطاب کرتے ہوئے کیا انہوں نے کہا کہ اہل بھلوال کی یہ ذمہ داری ہے کہ وہ بھلوال کو ضلع بنوانے میں میری آواز میں آواز ملا کر ساتھ چلیں اور اس کو ضلع بنوانے کیلئے ضلع بنائو کی تحریک کا آغاز کریں تاکہ بھلوال کے عوام کو بنیادی سہولتیں میسر آسکیں ڈاکٹر زاہد اقبال غوری نے کہا کہ سالم سے سرگودھا تک چار رویہ ایکسپریس وے کی تعمیر کیلئے فنڈز کا اجراء کرانے کیلئے جدوجہد جاری ہے یہ سڑک حادثات کے حوالہ سے پنجاب بھر میں سب سے آگے ہے ایکسپریس وے بننے سے لوگوں کے جان و مال کو محفوظ بنایا جاسکے گا ڈاکٹر زاہد اقبال غوری نے کہا کہ پاکستان کا سب سے اہم مسئلہ پینے کے صاف پانی کا ہے بھلوال میں اپنی مدد آپ کے تحت فلٹریشن پلانٹس لگوانے کا سلسلہ جاری ہے جبکہ مختلف سکولوں اور کالجوں کے علاوہ گھر گھر پینے کے صاف پانی کی فراہمی بھی جاری ہے ڈاکٹر زاہد اقبال غوری نے کہا کہ سرگودھا انڈسٹری کے لحاظ سے پاکستان کے بہترین اضلاع میں شامل ہے یہاں پر الیکٹریکل کی بڑی انڈسٹری پہلے سے موجود ہے جبکہ یہاں پر دنیا کی بہترین گندم پیدا ہوتی ہے بھلوال سرگودھا میں بسکٹ انڈسٹری کو فروغ دیا جاسکتا ہے جبکہ کنو کا جوس دنیا بھر میں سپلائی کرکے اربوں روپے زر مبادلہ کمایا جاسکتا ہے کنو کے چھلکے سے نکلنے والے رس سے کاسمٹیکس اور دیگر اشیاء تیار کی جاسکتی ہیں میری خواہش ہے کہ بھلوال اور حلقہ پی پی 73 میں ماڈل سکول‘ ہسپتال اور تھانے ہوں ان چیزوں کو بہتر بنانے میں کامیاب ہوا تو یہ میری بڑی کامیابی ہوگی جب تھانوں میں لوگوں کو تحفظ کا احساس ہوگا تو وڈیرہ ازم اور جاگیر دارانہ نظام ختم ہوگا سرکاری ہسپتالوں اور سکولوں میں بنیادی سہولتیں میسر ہونگی تو پرائیویٹ سکولز اور ہسپتال خود بخود ختم ہوجائینگے ڈاکٹر زاہد اقبال غوری نے کہا کہ بھلوال ملک کو کروڑوں کا ریونیو دینے کے باوجود بنیادی سہولتوں سے محروم ہے ہمیں ملکر بھلوال کی پسماندگی کو دور کرنا ہوگا اس موقع پر رائو طاہر مشرف امیدوار برائے قومی اسمبلی حلقہ این اے 88 ‘ ساجد خان غوری نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ بھلوال کا حق چھین کر لیں گے جس کیلئے ہمیں ملکر جدوجہد کرنا ہوگا انہوں نے کہا کہ ڈاکٹر زاہد اقبال غوری کی کوششیں عوامی فلاح و بہبود کیلئے قابل تحسین ہیں ہمیں اس سلسلہ میں انکی معاونت کرنی چاہیئے اس موقع پر صدر ایڈیٹرز کونسل ارشد محمود ارشی‘ جنرل سیکرٹری رانا محمد اسلم‘ سینئر نائب صدر رائو اسلم فراز‘ شاہین احسان مغل‘ منیر تبسم نے بھی خطاب کیا تقریب میں بذریعہ قرعہ اندازی کیمرہ مینوں اور تقریب کے شرکاء میں کیش ایوارڈ بھی تقسیم کئے گئے۔

بھلوال میں شائع ہونے والی مزید خبریں