دعوت اسلامی کے زیرانتظام فیضان مدینہ لالہ زار کالونی بھلوال میں تھیلیسیمیا کے مریض بچوں کے لیے بلڈ کیمپ لگایا گیا

بدھ 22 اپریل 2020 19:44

بھلوال (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 22 اپریل2020ء) دعوت اسلامی کے زیرانتظام فیضان مدینہ لالہ زار کالونی بھلوال میں تھیلیسیمیا کے مریض بچوں کے لیے بلڈ کیمپ لگایا گیا۔ اس موقع پردعوت اسلامی کی مرکزی مجلس شوریٰ کے رکن مولانا محمد رفیع عطاری نے کہا کہ ملک کورونا وائرس کے پھیلائو کو روکنے کے سبب ہونے والے لاک ڈاؤن کے باعث وقت پر خون نہ ملنے پرتھیلیسیمیا کے مرض میں مبتلا بچوں کی زندگی خطرے میں ہے، دعوت اسلامی جہاں غریبوں میں راشن تقسیم کر رہی ہے وہیں بھلوال سمیت ملک بھر میں تھیلیسیمیا کے بچوں اور دیگر امراض میں مبتلاء افراد کیلئے خون کے عطیات جمع کرنے کیلئے کیمپ بھی لگائے جا رہے ہیں،دعوت اسلامی کے تحت بھلوال سمیت 131 شہروں میں خون کے عطیات جمع کرنے کیلئے کیمپ لگائے گئے ہیں جہاں امیر اہل سنت مولانا محمد الیاس عطار قادری کی اپیل پر اب تک 12 ہزار سے زائد عاشقان رسول خون کے عطیات جمع کروا چکے ہیں، اور یہ سلسلہ ابھی جاری ہے۔

(جاری ہے)

مولانا محمد رفیع عطاری نے کہا کہ تھیلیسیمیا ایک مہلک مرض ہے۔ایک رپورٹ کے مطابق پاکستان میں ہر سال کم و بیش 5 ہزار ایسے بچے پیدا ہوتے ہیں جو اس موذی مرض کا شکار ہوتے ہیں، تھیلیسیمیا کے مرض میں مبتلا شخص بیماری کی وجہ سے ملازمت نہیں کرپاتاکیونکہ اس کی طبیعت کسی بھی لمحے خراب ہوجاتی ہے، اسی وجہ سے عام طور پر اس مرض سے متاثرہ افراد کو معاشی تنگد دستی کا بھی سامنا کرنا پڑتا ہے۔

انہوں نے کہاکہ اسی وجہ سے تھیلیسیمیا کے مریضوں کو بار بار خون کی ضرورت پڑتی ہے،کمزور اور بیمار چہرے والے یہ بچے کھیل کود اور تعلیم دونوں میدانوں میں پیچھے رہ جاتے ہیں اور معاشرے میں صحیح مقام نہ پانے کی وجہ سے خود اعتمادی سے محروم ہوتے ہیں، اس مرض میں مبتلا بچوں کے والدین کوبار بار خون لگانے کے اخراجات اور اسپتالوں کے چکر معاشی طور پر انتہائی خستہ حال کر دیتے ہیں۔مولانا محمد رفیع عطاری نے کہا کہ ملک کی موجودہ صورتحال کے پیش نظرامیر اہل سنت حضرت علامہ محمد الیاس عطارقادری نے تمام عاشقان رسول سے اپیل کی ہے کہ وہ بے روزگارو معاشی تنگدستی کے شکارافراد سمیت تھیلیسیمیا کے مرض میں مبتلا بچوں کیلئے دعوت اسلامی کا ساتھ دیں۔

بھلوال میں شائع ہونے والی مزید خبریں