امیر جماعت اسلامی سراج الحق کا ایل او سی کے مختلف علاقوں کا دورہ

انڈیا کے اقدامات سے پوری دنیا کے امن کو خطرہ ہے،کشمیر ایک خطہ نہیں بلکہ ایک نظریہ ہے۔آپ لوگوں کو مارسکتے ہیں لیکن آج تک دنیا میں کوئی ایسا اسلحہ ایجاد نہیں ہوا جو نظریے کو لاالہ الااللہ کو شکست دے، سراج الحق

منگل 5 مارچ 2019 23:37

امیر جماعت اسلامی سراج الحق کا ایل او سی کے مختلف علاقوں کا دورہ
لاہور، بھمبر، برنالہ، جھمپ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 05 مارچ2019ء) امیر جماعت اسلامی پاکستان سینٹر سراج الحق نے ایل او سی پر جھمب سیکٹر،برنالہ اور بھمبر کا دورہ کیا۔وہ میجر عزیز بھٹی شہید کی قبر پر گئے اور فاتحہ خوانی کی۔امیر جماعت اسلامی وسطی پنجاب امیر العظیم،امیر جماعت اسلامی شمالی پنجاب ڈاکٹر طارق سلیم،امیر جماعت اسلامی آزاد کشمیرخالد محمود ،نائب امیر جماعت اسلامی آزاد کشمیر جہانگیر خان،سیکرٹری اطلاعات جماعت اسلامی پاکستان قیصرشریف بھی تھے۔

سینیٹر سراج الحق نے کہا کہ انڈیا ہمارے باڈرز پر مسلسل حملے کررہا ہے۔بھارتی وزیراعظم نریندرمودی خطرناک اژدھے کی طرح پھنکار رہا ہے اوراسکی وجہ سے نہ صر ف پاکستان بلکہ بھار ت کو بھی خطرہ ہے۔

(جاری ہے)

انڈیا کے اقدامات سے پوری دنیا کے امن کو خطرہ ہے۔کشمیر ایک خطہ نہیں بلکہ ایک نظریہ ہے۔آپ لوگوں کو مارسکتے ہیں لیکن آج تک دنیا میں کوئی ایسا اسلحہ ایجاد نہیں ہوا جو نظریے کو لاالہ الااللہ کو شکست دے۔

یہ کلمہ اتنا ابھرے گا جتنا اسے دبانے کو شش کی جائے گی۔انہوں نے یہ بات جھمب سیکٹر ،برنالہ اور بھبمر میںمتاثرین کے اجتماعات سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔سینیٹر سراج الحق نے کہا کہ پاکستان کے غیرت مند عوام اور ہماری افواج کشمیریوں کی پشت پر موجود ہیں اور پاکستان کا ہر نوجوان کوہ ہمالیہ کی طرح استقامت کے ساتھ موجود ہے ۔ ہمارے نوجوانوں کے لیے نمونہ میجر عزیز بھٹی شہید اور کیپٹن سرور شہید ہے۔

وہ شہدا جنہوں نے پاکستان کی خاطر اپنی جانیں قربان کی ہیں وہ ہمارے ہیروز ہیں۔ ایل او سی پر مسلسل حملوں کی وجہ سے ہمارے سینکڑوں اور ہزاروں لوگ بے گھر ہوگئے ہیں۔انڈین فائرنگ کی وجہ سے لوگ بستی چھوڑنے اور ہجرت کرنے پر مجبور ہوگئے ہیں۔میں ان کو پیغام دے رہاہوں کہ ہمارے دل اور گھر ان کے لیے کھلے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ افغانستان جہاد کی وجہ سے روس سات حصوں میں تقسیم ہوا ۔

اسی طرح کشمیری جدوجہد کی وجہ سے انڈیا کے اندر نئی ریاستیں وجود میں آئیں گی۔انڈیا کے اندر ایک بغاوت ہے انڈیا کے اندر موجود سرکار نے وہاں اقلیتوں کو دبایا ہے۔نفرت اور تعصب کی سیاست کی ہے اس لیے اپنی ناکامیوں پر پردہ ڈالنے کے لیے شکست سے بچنے کے لیے انہوں نے پاکستان پر کیچڑ اچھالا اور حملے شروع کردیے ہیں۔پاکستان کی حکومت کا خیال تھاکہ مودی کو پا ئلٹ واپس کرکے اسکے ساتھ مذاکرات کی اپیلیں کرکے وہ اس صورت حال کو بہتر بنائیں گے۔

لیکن اس کے مقابلے میں بھارت نے شاکر اللہ کو مار مار کر لاش تحفے میں دے دی ہے۔اس کے جواب میں شکریہ ادا کرنے کی بجائے جماعت اسلامی مقبوضہ کشمیر پر پابندی لگا دی۔ہمارے دفاتر سیل کیے ہزاروں کارکنان کو جیلوں میں ڈالا ہے۔کشمیر کی وجہ سے جس کے چاروں طرف نیوکلیئر پاور موجود ہے ایک طرف روس،دوسری طرف چین اور پاکستان اور انڈیا ممالک نیو کلیئر پاور ہیں۔

یہ لڑائی باڈرز کی نہیں تجارت کی نہیں بلکہ بنیاد کشمیرکی ہے۔پلوامہ میں پچاس انڈین ہلاک ہوگئے۔انڈیا نے پروپیگنڈہ کیا کہ ان کے خلاف دہشتگردی ہوئی ہے اور پاکستان اس میں ملوث ہے۔ پاکستان نے کہا کہ اس دہشتگری میں ہم شامل نہیں ہیں ۔ اٹھارہ سالہ عادل نے جان ہتھیلی پر رکھ کر قربانی دی تو اس لیے کہ ان کی عزت کو خطرہ تھا۔کشمیر کی بیٹیاں اور مائیں خطرے سے دو چار ہیں۔جلسے اور احتجاج وہ قوم ستر سالوں سے کررہی ہے۔ایک لاکھ کشمیری شہید ہوگئے ہیں۔سکول کے بچوں کے چہروں پر پیلٹ گن سے فائر کرکے ان کو اندھا کردیا گیا ہے۔اس موقع پر انہوں نے متاثرین میں راشن تقسیم کیا اورفیلڈ میں کام کرنے والے الخدمت فائونڈیشن کے کارکنوں کا شکریہ ادا کیا اور حوصلہ افزائی کی۔

بھمبر میں شائع ہونے والی مزید خبریں