ہندوستان مقبوضہ کشمیر میں جنگی جرائم کا مرتکب ہے ،عالمی برادری ہندوستان کی بربریت کا نوٹس لے،وزیر اعظم آزاد کشمیر

ہندوستان کا ظلم و جبر جدوجہد آزادی کو سرد نہیں کر سکتا،حریت پسند عوام اور قیادت کی جرات اور دلیری سے بھارتی حکومت اور فوج کے حوصلے پست ہورہے ہیں،راجہ فاروق حیدر حکومت کی کامیاب حکمت عملی کے باعث آزاد کشمیر کے تمام ادارے مضبوط ہورہے ہیں ،(ن )لیگ پوری طرح متحد ومنظم ہے ،انشاء اللہ اگلے اڑھائی سالوں میں خطہ کی تعمیر وترقی اور لوگوں کی خوشحالی کے دیگر منصوبہ جات بھی پایا تکمیل تک پہنچ جائیں گے ،آزاد خطہ معاشی واقتصادی ترقی کے ٹریک پر آجائیگا،خطاب

اتوار 16 دسمبر 2018 16:50

بھمبر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 16 دسمبر2018ء) وزیر اعظم آزادحکومت ریاست جموں و کشمیر راجہ محمد فاروق حیدر خان نے کہا ہے کہ ہندوستان مقبوضہ ریاست جموں وکشمیر میں جنگی جرائم کا مرتکب ہے عالمی برادری ہندوستان کی بربریت کا نوٹس لے، مقبوضہ کشمیرمیں بھارتی افواج کی فائرنگ سے پلوامہ میں شہید ہونے والے 14کشمیریوں کی شہادت پروزیر اعظم نے بھارتی حکومت کی مذمت کرتے ہوئے اقوام متحدہ اور مہذب دنیاسے مطالبہ کیاکہ وہ مقبوضہ کشمیر میں ہونے والے مظالم کوبند کروائیں،یورپی اقوام کو ہندوستان کے ساتھ تجارت انسانی حقوق کے تحفظ کے ساتھ منسلک کرنی چاہیے،ہندوستان کا ظلم و جبر جدوجہد آزادی کو سرد نہیں کر سکتا۔

انھوں نے کہاکہ مقبوضہ کشمیر کے حریت پسند عوام اور قیادت جس جرات، استقامت اور دلیری سے بھارتی افواج کے مظالم کا مقابلہ کررہی ہے اس سے بھارتی حکومت اور فوج کے حوصلے پست ہورہے ہیں اور بھارتی فوج بوکھلاہٹ کا شکار ہوچکی ہے ۔

(جاری ہے)

آزاد کشمیر کے عوام اور حکومت مقبوضہ کشمیر کے ساتھ ہیں،حکومت پاکستان بے گناہ کشمیریوں کے قتل عام کا نوٹس لے اور اقوام متحدہ سمیت بین الاقوامی دنیا تک کشمیریوں پر ہونیوالے مظالم کے خلاف بھارت کا مکروچہرہ بے نقاب کرے۔

وزیر اعظم آزاد کشمیرنے کہاکہ حریت قیادت اور کشمیری قیادت کو اعتماد میں لے کر مظلوموں کی مدد کی جائے۔انہوں نے کہا کہ بھمبر میں ٹیکنیکل کالج بنائیں گے اور بھمبر کے تینوں حلقہ انتخاب میں ترقیاتی کاموں کے سلسلہ میں کوئی دقیقہ فروگزاشت نہیں کیا جائیگا ،ان خیالات کا اظہار انھو ں نے مسلم لیگ ن کی طرف سے منعقدہ استقبالی جلسہ سے بطور مہمان خصوصی خطاب کرتے ہوئے کیا ۔

جلسہ سے آزادکشمیرکے سینئر وزیرچوہدری طارق فاروق ، آزادکشمیرکے وزراء چوہدری محمد عزیز ، کرنل وقار احمد نور ، چوہدری رخسار احمد ، سابق ممبر اسمبلی راجہ مقصود احمد خان ، ایڈمنسٹریٹر ضلع کونسل راجہ غلام ربانی ،ایڈمنسٹریٹر مرزا محمد اجمل جرال ،صدر بار چوہدری عارف سرفراز،چیئرمین زکواة راجہ مسعود اسلم ،مسلم لیگ ن کے راجہ اظہر اقبال ،چوہدری جمیل سلطان اور راجہ محمد آصف نے بھی خطاب کیاجبکہ اس موقع پر وزیر بہبود آبادی ڈاکٹر مصطفی بشیر،حاجی راجہ منیر اللہ خان ،چوہدری نصر اقبال ،انجینئر رضوان انور ،کرنل افتخار ،عتیق برسالوی کے علاوہ مسلم لیگ ن،وکلاء ،صحافیوں ،سول سوسائٹی اور ضلع بھر سے آئے ہوئے کارکنان کی بڑی تعداد موجود تھی ۔

جلسہ سے خطاب کرتے ہوئے وزیر اعظم آزاد کشمیرراجہ محمد فاروق حیدر خان نے کہا کہ چوہدری طارق فاروق میرے دست و بازو ہیں مسلم لیگ (ن) پوری طرح متحد ہے تمام مسلم لیگی میاں محمد نواز شریف کی قیادت میں ایک ہیں انتخابات میں ووٹ لینے کے لیے اختلافات کی خبریں پھیلانے والوں کے ہاتھ خالی تھے اور ہمیشہ خالی رہیں گے ۔چوہدری طارق فاروق سینئر وزیر کے علاوہ متحد اہم کمیٹیوں کے چیئرمین اور فیصلہ سازی میں اہم کردار رکھتے ہیں ہماری کسی کے ساتھ کوئی دشمنی نہیں ہے ۔

بھمبر میں بہت سارے نئے منصوبے شروع کریں گے ۔اڑھائی سالوں میں عوام کی ڈٹ کر خدمت کی ہے اور اگلے اڑھائی سالوں میں بھی مسلم لیگ (ن) کی حکومت کی خدمت کا سفر جاری رہے گا ۔انھوں نے کہا کہ بھمبر میں سیاحت بہتر ہورہی ہے،ہزاروں سیاح یہاں آتے ہیں.،بھمبر میں سٹرکیں سب جماعتوں کے لئے ہیں.،سڑکوں کو کشادہ کرنے کے ساتھ ساتھ دل بھی کشادہ کریں،بھمبر میں ٹیکنیکل کالج بنائیں گے اور ہزاروں کی تعداد میں بجلی کے ٹر انسفارمر تبدیل کئے ہیں۔

ترقیاتی کاموں کے معیار کو بہت بہتر بنایا جارہاہے ۔انہوں نے کارکنان سے کہا کہ کوئی جماعت آپکا کچھ نہیں بگاڑ سکتی ۔مسلم لیگ ن عوام کی خدمت کر رہی ہی.وزیراعظم آزادکشمیر نے کہا کہ ہم ہمیشہ میاں محمد نواز شریف کے ساتھ ہیں،نواز شریف چوتھی بار بھی پاکستان کے وزیر اعظم بنیں گے ۔کشمیری قوم نواز شریف کے ساتھ ہے،نوازشریف اقتدار میں ہوں یا نہ.ہو ہم انکے ساتھ ہیں۔

آزاد کشمیر کے سینئر وزیرچوہدری طارق فاروق نے کہا کہ ضلع بھمبر کے تینوں حلقہ انتخاب کے لوگ اور مسلم لیگ (ن) وزیر اعظم آزادکشمیر راجہ محمد فاروق حیدر خان کے ساتھ کھڑی ہے ۔حالات خواہ گرم ہوں یا سرد ہماری راویات ساتھ چھوڑنے والی نہیں ہے آزادکشمیر بھر کی طرح بھمبر میں وزیر اعظم کی ذاتی دلچسپی سے بہت سارے ترقیاتی کام شروع ہیں انھوں نے کہاکہ موجودہ حکومت اہلیان بھمبر کی سابقہ محرومیوں کو دور کرنے کے لیے تمام حکومتی وسائل بروئے کار لا رہی ہے بھمبر کو تعمیر و ترقی کے دائرہ میں لا کر خوشحال ضلع بنائیں گے ۔

دیگر وزراء حکومت چوہدری محمد عزیز ، کرنل وقار احمد نور ، چوہدری رخسار احمدنے جلسہ سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ وزیراعظم راجہ محمد فاروق حیدر خان کی سربراہی میں مسلم لیگ ن کی حکومت نے جو تاریخی اقدامات اٹھائے ہیں ان کے ثمرات بلاتخصیص خطہ کے تمام لوگوں* کو مل رہے ہیں انہوںنے کہا کہ ہم خدمت خلق کے جذبہ کے تحت عوامی خدمت کے ایجنڈے کی تکمیل کررہے ہیں انہوں نے کہا کہ حکومت کی کامیاب حکمت عملی کے باعث آزاد کشمیر کے تمام ادارے مضبوط ہورہے ہیں ۔

آزاد کشمیر کے ترقیاتی بجٹ کو دوگناہ کرنے کا سہرا مسلم لیگ ن اور قائد پاکستان میاں محمد نواز شریف کے سر ہے جھنوں نے خطہ کی تعمیر وترقی میں فنڈز کی فراہمی میں فراخدلیکا مظاہرہ کیا۔مقررین نے کہا کہ مسلم لیگ ن پوری طرح متحد ومنظم ہے انشاء اللہ اگلے اڑھائی سالوں میں خطہ کی تعمیر وترقی اور لوگوں کی خوشحالی کے دیگر منصوبہ جات بھی پایا تکمیل تک پہنچ جائیں گے جس سے آزاد خطہ معاشی واقتصادی ترقی کے ٹریک پر آجائیگا۔

بھمبر میں شائع ہونے والی مزید خبریں