اجتماعی مفاد کے تحفظ کے لیے مثبت سوچ پیدا کرنا چاہیے،صدر آزاد کشمیر

مقبوضہ کشمیر کی آزاد ی کے خواب کو حقیقت میں بدلنے اور آزاد کشمیر کو جدید ترقی یافتہ ریاست بنانے کیلئے اپنی صفوں میں اتحاد و اتفاق پیدا کرنا ہو گا ، ایک دوسرے کو برداشت کرنا ، رواداری کو فروغ دینا اور اختلاف رائے کو ایک مخصوص حد سے آگے نہ بڑھنے دینا ہماری جدوجہد کی پہچان ہونی چاہیے،سردار مسعود خان

جمعہ 19 اپریل 2019 17:42

بھمبر (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 19 اپریل2019ء) آزاد جموں و کشمیر کے صدر سردار مسعود خان نے کہا ہے کہ مقبوضہ کشمیر کی آزاد ی کے خواب کو حقیقت میں بدلنے اور آزاد کشمیر کو جدید ترقی یافتہ ریاست بنانے کے لیے ہمیں اپنی صفوں میں اتحاد و اتفاق پیدا کرنا ہو گا ۔ ایک دوسرے کو برداشت کرنا ، رواداری کو فروغ دینا اور اختلاف رائے کو ایک مخصوص حد سے آگے نہ بڑھنے دینا ہماری جدوجہد کی پہچان ہونی چاہیے ۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے سینئر وزیرحکومت چوہدری طارق فاروق کی طرف سے اپنے اعزاز میںدیئے گئے عشائیہ کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔ انہوں نے کہا کہ جو لوگ کام کرتے ہیں اُن سے غلطیاں ہونا فطری عمل ہے صرف جامد اور ساکت لوگوں سے غلطیاں نہیں ہوتیں ۔

(جاری ہے)

ہمیں آگے بڑھنے کے لیے فعال اور متحرک لوگوں کی ضرورت ہے اور اگر وہ غلطی اور کوتاہی کریں تو ہمیں اسے برداشت کرنے کا حوصلہ پیدا کرنا چاہیے ۔

انہوں نے کہا کہ سینئر وزیر چوہدری طارق فاروق کی محترک قیادت میں بھمبر میںمثالی تعمیر و ترقی ہوئی جبکہ وزیراعظم راجہ فاروق حیدر نے گڈ گورننس ، میرٹ کی بالا دستی اور قانون کی حکمرانی کو یقینی بنانے کے علاوہ پورے آزاد کشمیر میں بلا تخصیص تعمیر و ترقی کے لیے جو اقدامات کئے وہ قابل ستائش ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ آزاد کشمیر کی حکومت پہلے سے زیادہ با اختیار ہے اور عوام کی خوشحالی اور ریاست کی ترقی اور خود کفالت کے حصول کے لیے پر ُ عزم ہے ۔

صدر ریاست نے کہا کہ تعمیر و ترقی کے معاملے میں کوئی سیاست نہیں ہونی چاہیے کیونکہ سڑکیں ، تعلیمی ادارے اور ہسپتال کسی ایک سیاسی جماعت یا سیا ستدان کے لیے نہیں ہوتے بلکہ ریاست کے اندر رہنے والے تمام لوگوںکے اجتماعی فائدے کے لیے ہوتے ہیں جن پر سیاست کرنے سے ہم سب کو گریز کرنا چاہیے، اجتماعی مفاد کے تحفظ کے لیے مثبت سوچ پیدا کرنا چاہیے تاکہ ریاست کو معاشی اور سماجی طور پر ترقی دے کر آگے بڑھایا جائے ۔

ہمیں ایک دوسرے کا راستہ روکنے کے بجائے جوابدہی کے عمل اور خود احتسابی کے کلچر کو فروغ دینا چاہیے ۔ نیلم جہلم اور کوہالہ پن بجلی منصوبوں پر گفتگو کرتے ہوئے صدر آزاد کشمیر نے کہا کہ نیلم جہلم منصوبے سے پیدا ہونے والے ماحولیاتی اثرات اور عوامی تحفظات کو دور کرنے کے لیے کمیشن قائم ہو چکا ہے اور بیشتر امور کے بارے میں تجاویز پیش کی جا چکی ہیں اور کچھ تجاویز پر فوری طور پر عملدرآمد بھی ہو چکا ہے اور باقی عملدرآمد کے لیے کوششیں جاری ہیں جن کے خاطر خواہ نتائج برآمد ہونے کی توقع ہے ۔

کوہالہ پن بجلی منصوبہ بھی عوامی تحفظات دور کرنے کے بعد شروع ہونا چاہیے کیونکہ یہ منصوبہ ایک خاص مد ت کے بعد آزاد کشمیر کی ملکیت میں آنے کے بعد ہمارا قومی اثاثہ بنے گا ہمیں ایسی کوئی بات نہیں کرنی چاہیے کہ جس سے اس قومی اثاثے کے ختم ہونے یا تاخیر کا شکار ہونے کے امکانات پیدا ہو جائیں لیکن یہ بات بھی اپنی جگہ حقیقت ہے کہ عوامی مفادات کا تحفظ بھی حکومت کی ذمہ داری ہے اور اس سلسلے میں حکومت اپنا بھرپور کردار ادا کر رہی ہے ۔

آزاد کشمیر کے عبوری آئین میں تیرویں ترمیم پر چوہدری طارق فاروق کے خیالات کی تائید کرتے ہوئے صدر آزاد کشمیر نے کہا کہ اس ترمیم کے نتیجہ میں آزاد کشمیر حکومت کو منتقل ہونے والے اختیارات کو موثر انداز میں استعمال کرنے کے لیے ہمیں اپنی استعداد کار کو بڑھانا چاہیے ۔ عشائیہ کی تقریب میں میرپور یونیورسٹی آف سائنس اینڈ ٹیکنالوجی کے وائش چانسلر ڈاکٹر حبیب الرحمان ، کمشنر میرپور ڈویژن محمد طیب ، ڈی آئی جی میرپور سردار گلفراز ، چیئرمین ایم ڈی اے اعجاز رضا ، سابق ممبر قانون ساز اسمبلی راجہ مقصود ، سابق چیئرمین ضلع کونسل صوفی محمد رشید ، چوہدری جہانگیر ، ڈپٹی کمشنر سردار خالد محمود ، ایس پی بھمبر اور دیگر اہم شخصیات بھی موجود تھیں۔

قبل ازیں سردار مسعود خان ایک روزہ دورے پر جمعرات کی شام جب بھمبر پہنچے تو سینئر وزیر چوہدری طارق فاروق ، عوام علاقہ اور ضلعی و مقامی انتظامیہ کے حکام نے اُن کا استقبال کیا ۔بعد ازاں مجاہد فورس سنٹر کے کمانڈنٹ بریگیڈئر کامران نے صدر سردار مسعود خان سے ملاقات کی جس میںریاست کی سلامتی ، لائن آف کنٹرول پر بھارتی فائرنگ سے پیدا ہونے والی صورتحال اور پاک فوج کی طرف سے آزاد کشمیر کے عوام کے جان و مال کے تحفظ کے معاملات پر بریفنگ دی گئی ۔

سینئر وزیر چوہدری طارق فاروق نے صدر آزاد کشمیر کو ضلع بھمبر کی مجموعی طور پر تعمیر و ترقی ، جاری ترقیاتی منصوبوں سمیت دیگر عوامی مسائل کے بارے میں صدر آزاد کشمیر کو بتایا کہ آزاد کشمیر کی حکومت تمام علاقوں میں تعمیر و ترقی اورعوامی خوشحالی کے لیے اپنا بھرپور کردار ادا کر رہی ہے ۔

بھمبر میں شائع ہونے والی مزید خبریں