ہماری افواج اور قوم دفاع وطن کی مکمل صلاحیت رکھتے ہیں،صدر آزاد کشمیر

71 سال کی تاریخ گواہ ہے ہماری افواج نے دفاع وطن کیلئے دشمن کے ناپاک عزائم کو با ر بار ناکام بنایا ،ہر قدرتی آفت کے موقع پر عوام کے جان و مال کے تحفظ کیلئے قوم کی آواز پر ہمیشہ لبیک کہا،سردار مسعود خان

ہفتہ 20 اپریل 2019 16:58

بھمبر (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 20 اپریل2019ء) آزاد جموں و کشمیر کے صدر سردار مسعود خان نے کہا ہے کہ بھارت نے رات کی تاریکی میں پاکستان اور آزاد کشمیر کی سر زمین پر حملہ کرنے کی جو ناپاک جسارت کی تھی اُ سے پاک فوج نے پوری جرات ، بہادری اورعسکری صلاحیت سے ناکام بناکر یہ ثابت کیا کہ ہماری افواج اور قوم دفاع وطن کی مکمل صلاحیت رکھتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ 71 سال کی تاریخ گواہ ہے کہ ہماری افواج نے دفاع وطن کے لیے نہ صرف دشمن کے ناپاک عزائم کو با ر بار ناکام بنایا بلکہ ہر قدرتی آفت کے موقع پر عوام کے جان و مال کے تحفظ کے لیے قوم کی آواز پر ہمیشہ لبیک کہا اور سب سے آگے بڑھ کر اپنا کردار ادا کیا ۔ ان خیالات کا اظہار انہوںنے مجاہد فورس سنٹر بھمبر میں آرمی پاسنگ آوٹ پریڈ کے موقع پر مہمان خصوصی کی حیثیت سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔

(جاری ہے)

صدر سردار مسعود خان نے اپنے خطاب میں پاک فوج کے افسروں اور جوانوں کی پیشہ وارانہ صلاحیتوں اور دفاع وطن کے لیے جذبے ، حوصلے اور جرات کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ ہماری فوج دنیا کی بہترین افواج میں سے ایک ہے جس کی صلاحیتوں کی دشمن بھی تعریف کرتا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ ماضی قریب میں دشمن نے ہمارے اوپر فضائی اور زمینی جنگ مسلط کرنے کی جو کوشش کی اُسے ملک کی بہادر افواج نے نہ صرف ناکام بنایا بلکہ دشمن کے لڑاکا جہاز گرا کر اسے بھاری نقصان بھی پہنچایا ۔

انہوں نے کہا کہ انہیں بھمبر کی اس دھرتی پر فخر ہے جہاں وطن کی مٹی پر قربان ہونے والے افسر اور جوان تیار کیے جاتے ہیں ۔ صدر سردار مسعود خان نے کہا کہ پاکستان اور آزاد کشمیر محفوظ ہاتھوںمیں ہے اور ہم یہ عہد کرتے ہیں کہ وطن عزیز کے خلاف تمام اندرونی اور بیرونی خطرات کا اتحاد اور یکجہتی کے ساتھ مقابلہ کریں گے اور قابض ہندوستان سے کشمیر کو آزاد کرائیں گے ۔

انہوں نے اس یقین کا اظہار کیا کہ ماضی کی طرح مستقبل میں بھی پاک فوج کے جوان پورے جذبہ ایمانی اور روایتی بہادری اور جرات سے دفاع وطن کی ذمہ داری کا فریضہ پوری لگن اور محنت سے انجام دیتے رہیں گے اور دشمن کو ہر محاذ پر شکست فاش دے کر اپنی اعلیٰ روایات کو زندہ و جاوید رکھیں گے ۔ انہوں نے کہا کہ گزشتہ کئی سالوں سے دشمن لائن آف کنٹرول پر سیز فائر معاہدے کی خلاف ورزی کرتے ہوئے ہماری شہری آبادی اور اگلے دفاعی مورچوں کو نشانہ بنا رہا ہے ۔

لیکن جب بھی دشمن نے فائر بندی کی خلاف ورزی کرتے ہوئے دراندازی کی کوشش کی تو ہماری دفاعی افواج نے دشمن کو بھرپور انداز میں منہ توڑ جواب دیا جس میں مجاہد فورس نے اپنا کردار ہمیشہ احسن انداز میں ادا کیا ہے ۔ مجھے یقین ہے کہ وہ آئندہ بھی قوم کی اُمیدوں پر پورا اترتے ہوئے بہادری اور جرات کی نئی مثال قائم کریں گے ۔ قبل ازیں صدر آزاد کشمیرسینئر وزیر چوہدری طاروق کے ہمراہ جب مجاہد فورس سنٹر بھمبر پہنچے تو جنرل آفیسر کمانڈنگ میجر جنرل سلمان ، کمانڈنٹ مجاہد فورس سنٹر بریگیڈئر کامران و دیگر اعلیٰ فوجی حکام نے اُن کا استقبال کیا ۔

صدر آزاد کشمیر کو پاک فوج کے ایک چاک و چوبند دستے نے سلامی پیش کی جس کے بعد صدر ریاست نے پریڈ کا معائنہ کیا اور نئے پاس ہونے والے جوانوں سے حلف لیا ۔ اس موقع پر فضا میں غبارے چھوڑے گے ، قومی ترانہ پیش کیا گیا اور صد ر سردار مسعود خان نے یادگار شہداء پر فاتحہ خوانی کی اور پھولوں کی چادر چڑھائی ۔ صدر آزاد کشمیر نے نمایاں کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والے جوانوںمیں انعامات بھی تقسیم کیے ۔

بھمبر میں شائع ہونے والی مزید خبریں