وزیر اعظم فاروق حیدر کا بھمبر میں گورنمنٹ کالج آف ٹیکنالوجی کے قیام کا اعلان

اس ادارے کے قیام سے سارے آزاد جموں وکشمیر اور بالخصوص ریاست سے ملحقہ پاکستانی علاقوں کے نوجوانوں کو ہنر مند بنانے میں مددملے گی‘ راجہ فاروق حیدر

ہفتہ 18 فروری 2017 17:12

وزیر اعظم فاروق حیدر کا بھمبر میں گورنمنٹ کالج آف ٹیکنالوجی کے قیام کا اعلان
بھمبر (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 18 فروری2017ء) وزیر اعظم آزاد جموں وکشمیر راجہ محمد فاروق حیدر خان نے بھمبر میں گورنمنٹ کالج آف ٹیکنالوجی کے قیام کا اعلان کر دیا۔ انہوں نے کہا کہ اس ادارے کے قیام سے سارے آزاد جموں وکشمیر اور بالخصوص ریاست سے ملحقہ پاکستانی علاقوں کے نوجوانوں کو ہنر مند بنانے میں مددملے گی۔ ان خیالات کا اظہار وزیر اعظم آزاد جموں وکشمیر نے گزشتہ روز بھمبر کے دورہ کے دوران کیا۔

جہاں پر وزیر اعظم کو گورنمنٹ کالج آف ٹیکنالوجی کے قیام کیلئے ’’روز ویلی ‘‘ہائوسنگ سکیم کے منیجنگ ڈائریکٹر خواجہ ظفر اقبال بٹ کی طرف سے 30کنال اراضی مفت دیے جانے کے کاغذات دیے گئے ۔ اس موقع پر وزیر اعظم نے کہا کہ وہ روز ویلی ہائوسنگ سکیم کا شکریہ اور ظفر اقبال کا جذبہ فلاح انسانیت کو دل کی اتھاہ گہرائیوں سے سہراہتے ہیں ۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ آزاد ریاست جموں وکشمیر کے دیگر مخیر حضرات بھی اگر اس طرح تعاون کریں تو ریاست کی ترقی میں تیزی آسکتی ہے ۔

انہوںنے اپنے اعلان میں کہا کہ آزاد حکومت اس جگہ پر ٹیوٹا آزاد جموں وکشمیر کے زیراہتمام گورنمنٹ کالج آف ٹیکنالوجی قائم کر یگی ۔ جس کا عملی کا م آئندہ مالی سال کے سالانہ ترقیاتی پروگرام میں شامل کیا جائیگا۔ انہوں نے کہا کہ اس گورنمنٹ کالج آف ٹیکنالوجی کے قیام سے سی پیک کے تحت بھمبر کے صنعتی زون کو خاطر خواہ مدد ملے گی جس سے آزاد ریاست اور اس کے ملحقہ پاکستانی علاقوں کی نوجوان نسل ہنر سیکھ سکے گی جو صنعتی زون کی ترقی میں مرکزی اور نمایاں کردار ادا کر سکے گی۔

انہوں نے اس توقع کابھی اظہا رکیا کہ بھمبر صنعتی زون کی ترقی اور اس کی فنی ضرورت پورا کرنے میں گورنمنٹ کالج آف ٹیکنالوجی کے فارالتحصیل ہنر مند کردار ادا کریں گے ۔ انہوں نے کہا کہ بھمبر کے صنعتی زون کو سی پیک کے منصوبوں کے ساتھ جوڑنے کیلئے 08ہزار کنال پر مشتمل رقبہ کا حصول ممکن بنایا جائیگاجو ملکی ترقی میں ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت اختیار کریگا۔

انہوں نے کہاکہ اس وقت ٹیوٹا ا ٓزاد جموں وکشمیر کے زیر انتظام 67فنی تعلیمی ادارہ جات قائم ہیں جن میں سے 34کرائے کی عمارات میں چل رہے ہیں جن کو بتدریج سرکاری عمارات تعمیر کر کے شفٹ کیا جائیگاجو ان اداروں کی فنی ضرورتوں کو مد نظر رکھتے ہوئے تعمیر کی جائیں گی ۔ انہوں نے کہا کہ میری معلومات کے مطابق بھمبر میں اس وقت مردوں اور عورتوں کی فنی تعلیم کے دو ادارہ جات کرائے کی عمارتوں میں قائم ہیں جن کو روز ویلی کی طرف سے عطیہ کردہ زمین پر تعمیر ہونے والے گورنمنٹ کالج آف ٹیکنالوجی میں منتقل کر دیا جائیگا ۔

اس موقع پر سینئر وزیر چوہدری طارق فاروق نے اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ ظفر اقبال بٹ اور ان کے اسلاف نے بھمبر کی ترقی اور خوشحالی کے ہمیشہ بڑھ چڑھ کر اپنا کردار ادا کیا ہے ۔ اسی سلسلہ کو ظفراقبال بٹ نے جاری رکھا ہو اہے ۔ سینئر وزیر نے ظفرا قبال بٹ کے جذبہ خیر سگالی کو بہت سراہا ۔ اس موقع پر خواجہ ظفر اقبال نے وزیر اعظم ، سینئر وزیر چوہدری طارق فاروق ،وزیر اطلاعات مشتا ق منہاس ،ممبر اسمبلی کرنل (ر)وقار احمد نور ،چیئرمین ٹیوٹا ظفر نبی بٹ کی موجودگی میں 30کنال زمین مفت دیے جانے کے کاغذات دینے کے بعد اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ وہ ریاست جمو ںوکشمیر اور بھمبر کے عوام کی خدمت کے جذبہ سے روز ویلی ہائوسنگ سکیم کو آباد ہوتا دیکھنا چاہتے ہیں ۔

انہوں نے مزید کہا کہ اس سے قبل بھی انہوں نے اس ہائوسنگ سکیم میں جامع مسجد ،مدرسہ ،PWDریسٹ ہائوس ، پاکستان پوسٹ آفس اور پریس کلب کے قیام کیلئے مفت زمین دی ہے ۔ جن میں سے PWDریسٹ ہائوس قائم ہوچکا ہے جس میں آج یہاں ہم بیٹھے ہوئے ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ اس اچھے اور نیک کام کی طرف مائل کرنے کا سہرا ظفر نبی بٹ چیئرمین ٹیوٹا ا ٓزاد جموں وکشمیر کے سر جاتا ہے ۔ جنہوں نے اس نیک مقصد صدقہ جاریہ اور بنی نوع انسان کی خدمت کے لئے آمادہ کیا ۔ انہوں نے کہا کہ روز ویلی اور میں آئندہ بھی عوامی فلاح اور ترقی کیلئے حاضر ہیں ۔

متعلقہ عنوان :

بھمبر میں شائع ہونے والی مزید خبریں