راجہ فاروق حیدر ریاست کے دونوں طرف کے کشمیریوں کی ایک موثراورطاقتورآواز بن چکے ہیں،فدا حسین کیانی

انکا راستہ روکنے کی سازشیں کرنے والے کسی غلط فہمی میں نہ رہیں، یہ بات ذہن نشین کر لیں کہ راجہ فاروق حیدر سے ٹکرانے والے خود پاش پاش ہو جائیں گے،چیرمین تنظیمی بورڈ مسلم لیگ ن آزاد جموں وکشمیر

جمعہ 4 جون 2021 23:13

پنجیڑی بھمبر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 04 جون2021ء) مسلم لیگ ن آزاد جموں وکشمیر کے چیئرمین تنظیمی بورڈ فدا حسین کیانی نے کہا ہے کہ وزیراعظم راجہ محمد فاروق حیدرخان اب محض ایک شخص کا نام نہیں رہا بلکہ وہ ریاست کے دونوں طرف کے کشمیریوں کی ایک موثراورطاقتورآواز بن چکے ہیں جس کا راستہ روکنے کی سازشیں کرنے والے کسی غلط فہمی میں نہ رہیں اور یہ بات ذہن نشین کر لیں کہ راجہ فاروق حیدر خان سے ٹکرانے والے خود پاش پاش ہو جائیں گے۔

پنجیڑی میں اپنی رہائش گاہ پر جماعتی رہنمائوں سے بات چیت کرتے ہوئے فدا کیانی نے کہا کہ وزارت عظمی کا منصب سنبھالنے کے بعد راجہ محمد فاروق حیدر خان کی قیادت میں مسلم لیگ ن کی حکومت نے خطے کے اندر گڈ گورنس، مثالی اور بلاتخصیص تعمیر و ترقی، آزاد خطے کو مالی طورپر خودکفیل اور مستحکم بنانے، آزاد کشمیر کے آئین میں ختم نبوت کو شامل کرنے، جیسے تاریخی اقدامات کئے اور مقبوضہ کشمیر کے حریت پسند عوام کی آوازکو بیرون اوراندرون ملک پوری قوت کے ساتھ اجاگر کرنے کے لیے وزیراعظم راجہ فاروق حیدر خان نے دونوں اطراف کے کشمیریوں کے نمائندے کے طور پر اپنا کردار ادا کیا اور ''رائے شماری'' کے موقف کو ہر فورم پر موثر انداز میں پیش کیا۔

(جاری ہے)

فدا کیانی نے کہا کہ وزیراعظم راجہ فاروق حیدرخان نے اپنے ان پانچ سالوں میں کشمیریوں کے نظریاتی اور سیاسی تشخص پر آنچ نہیں آنے دی۔انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم پاکستان عمران خان کا بار بار یہ کہنا کہ '' پی ٹی آئی نے ہر حال میں آزاد کشمیرکے انتخابات کو جیتنا ہے '' اس بات کی غمازی کرتا ہے کہ وہ طاقت کے نشے میں آزاد کشمیر کو فتح کرنے کے خواب دیکھ رے ہیں۔

جسے آزاد خطے کے غیور اور باحمیت عوام پورا نہیں ہونے دیں گے۔ فدا کیانی نے کہا کہ پاکستان کے ساتھ کشمیریوں کے تعلق اورمضبوط رشتے کی بنیاد قائداعظم نے رکھی تھی جسے کشمیری عوام بے پناہ قربانیاں دیکرقائم رکھے ہوئے ہیں اور ان کے اس رشتے میں کوئی سازش دڑاڑیں نہیں ڈال سکتی۔ فدا کیانی نے کہا کہ پاکستان کے وزیراعظم کی طرف آزاد کشمیرمیں اپنی ''من پسند'' کے افراد کی حکومت لانے کیلئے اس طرح کے بیانات شکوک و شبہات پیدا کرتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ مسلم لیگ ن قائداعظم کی وارث حماعت ہے اور آزاد خطے کے عوام اس جماعت کے پرچم تلے مقبوضہ جموں وکشمیر کی آزادی، تکمیل پاکستان اور اپنے حقوق کی حفاظت کے لئے جدو جہد جاری رکھیں گے۔

بھمبر میں شائع ہونے والی مزید خبریں