مخالفین کی الٹی گنتی شروع ہو چکی ،ترقی کے ایک نئے دور کا آغاز کیا جائے گا، امیر حیدر خان ہوتی

پشاور میٹرو میں غائب کئے گئے 15ارب روپے کی تحقیقات شروع ہونے جا رہی ہے، عمران خان اور پرویز خٹک نے سیاست سے اخلاقیات اور شائستگی کا جنازہ نکال دیا ہے،صوبائی صدر عوامی نیشنل پارٹی

منگل 17 جولائی 2018 18:33

مخالفین کی الٹی گنتی شروع ہو چکی ،ترقی کے ایک نئے دور کا آغاز کیا جائے گا، امیر حیدر خان ہوتی
بونیر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 17 جولائی2018ء) عوامی نیشنل پارٹی کے صوبائی صدر امیر حیدر خان ہوتی نے کہا ہے کہ مخالفین کی الٹی گنتی شروع ہو چکی ہے اوپشاور میٹرو میں غائب کئے گئے 15ارب روپے کی تحقیقات شروع ہونے جا رہی ہے، آنے والے الیکشن میں پختون قوم کی قسمت کا فیصلہ ہونے جا رہا ہے ،حکومت میں آئے تو عوامی خدمت کی نئی تاریخ رقم کریں گے ، ان خیالات کا اظہار انہوں نے بونیر ناواگئی میں میں انتخابی مہم کے دوران بڑے جلسہ عام سے خطاب کرتے ہوئے کیا ،اس موقع پر مسلم لیگ کے اہم رہنما معمیر خان نے اپنے خاندان اور ساتھیوں سمیت اے این پی میں شمولیت کا اعلان کیا ، امیر حیدر خان ہوتی نے پارٹی میں شامل ہونے والوں کو سرخ ٹوپیاں پہنائیں اور انہیں مبارکباد پیش کی ، جلسہ سے صوبائی جنرل سیکرٹری سردار حسین بابک اور این اے 9سے امیدوار رؤف خان نے بھی خطاب کیا ،امیر حیدر خان ہوتی نے کہا کہ عوام کی اکثریت کا رجحان اے این پی کی طرف ہے ، سابق حکومت نے جس طرح پختونوں کو محرومیوں کے اندھیروں میں دھکیلا وہ اس کا ازالہ کیا جائے گا ، انہوں نے کہا کہ سابق وزیر اعلیٰ نے بی آر تی کے نام پر پشاور کو آثار قدیمہ میں تبدیل کر دیا ، یہ وہی میٹرو ہے جسے پی ٹی آئی والے پنجاب میں جنگلہ بس کہتے رہے لیکن اپنی کمیشن اور کرپشن کیلئے اسی جنگلہ بس کا سہارا لیا اور پشاور کو اجاڑ کر گھروں کو چلے گئے ،امیر حیدر خان ہوتی نے کہا کہ49ارب کا منصوبہ64ارب تک پہنچا پھر بھی مکمل نہ ہو سکا اور اس میں15ارب روپے گائب کر دیئے گئے جس کے خلاف نیب تحقیقات کر رہا ہے،انہوں نے کہا کہ عمران خان اور پرویز خٹک نے سیاست سے اخلاقیات اور شائستگی کا جنازہ نکال دیا ہے اور نوجوان نسل کو ثقافت و تہذیب کی بجائے گالم گلوچ کی سیاست کا درس دیا ،انہوں نے کہا کہ نوجوان نسل کا مستقبل محفوظ بنانے کیلئے تندہی سے کام کرنا ہو گا، خزانہ خالی کر دیا گیا ہے، انہوں نے مزید کہا کہ سابق حکومت نی370ارب کا قرضہ لے کر ہڑپ کر لیا ،ہم حکومت میں آ کر کرپشن کے تمام کیسز کھولیں گے اور قوم کی ایک ایک پائی وصول کریں گے،انہوں نے کہا کہ بد قسمتی سے پی ٹی آئی نے پختونخوا کی ترقی سوشل میڈیا تک محدود رکھی اور اسے عملی جامہ نہیں پہنایا ۔

(جاری ہے)

انہوں نے کارکنوں پر زور دیا کہ الیکشن مہم میں تیزی لائیں اور25جولائی کو بونیر سے کامیابی کی نوید سنائیں، امیرحیدرخان ہوتی نے کہاکہ انتہائی افسوس کا مقام ہے کہ حکومت کی غیر سنجیدگی کی وجہ سے بے روزگاری اور مہنگائی میں اضافہ ہوا ، انہوں نے کہا کہ اے این پی کامیابی کے بعد بے روزگاری کے خاتمے پر توجہ دے گی اور نوجوانوں کو 10لاکھ تک بلاسود قرضے فراہم کرے گی تاکہ وہ اپنے لئے روزگار کے مواقع پیدا کر سکیں ، انہوں نے کہا کہ بونیر میں جدید طرز کے ہسپتال اور ریسکیو1122قلیل عرصہ میں شروع کر دی جائے گی، اور ترقی کے ایک نئے دور کا آغاز کیا جائے گا،امیر حیدر خان ہوتی نے منافقت کی سیاست کرنے والوں پر سخت تنقید کی اور کہا کہ پیسے اور دیگر اشیاء تقسیم کر کے عوام کو بہکایا جا رہا ہے جبکہ اسلاا آباد کے ٹھیکیدار بھی میدان میں اترے ہوئے ہیں ،سراج الحق اور مولانا صاحب پانچ سال تک چین کے بانسری بجاتے رہے لیکن اقتدار ختم ہونے کے بعد انہیں اسلام خطرے میں نظر آ رہا ہے ، انہوں نے پارٹی عہدیداروں اور کارکنوں پر زور دیا کہ الیکشن کی بھرپور تیاریاں جاری رکھیں اور عوام اپنے حقوق کے تحفظ اور اپنی آئندہ نسلوں کی بقا کیلئے اے این پی کو کامیاب کرئیں، انہوں نے کہا کہ اقتدارمیں آکرنہ صرف خالی خزانہ بھریں گے بلکہ ترقی کا رکا ہوا پہیہ دوبارہ چلائیں گے، انہوں نے پختونوں سے کہا کہ آپس میں اتحاد واتفاق پیدا کریں اور 25جولائی کو باچا خان کے پیروکاروں کو کامیاب کرا کے اپنا مستقبل محفوظ بنائیں۔

بونیر میں شائع ہونے والی مزید خبریں