خیبر پختونخوا پولیو مہم کے دوران بونیر میں ایک اور پولیس اہلکار قتل کردیا گیا

پولیو ٹیم تور وارسک کے دور دراز علاقے میں گھر گھر جا کر بچوں کو عمر بھر کی معذوری سے دوچار کرنے والی بیماری سے محفوظ رکھنے کے لیے قطرے پلانے کی مہم میں مصروف تھی جب ان پر حملہ ہوا، زخمی پولیس اہلکار ہسپتال جاتے ہوئے راستے میں دم توڑ گیا، حملہ آور فرار ہوگئے ،پولیس حکام

بدھ 24 اپریل 2019 20:48

بونیر (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 24 اپریل2019ء) خیبرپختونخوا: پولیو مہم کے حوالے سے پھیلی افواہوں کے بعد پولیو ٹیم پر مسلسل دوسرے روز ضلع بونیر میں ہونے والے حملے میں ایک اور پولیس اہلکار کو قتل کردیا گیا۔پولیس ذرائع کا کہنا ہے کہ پولیو ٹیم تور وارسک کے دور دراز علاقے میں گھر گھر جا کر بچوں کو عمر بھر کی معذوری سے دوچار کرنے والی بیماری سے محفوظ رکھنے کے لیے قطرے پلانے کی مہم میں مصروف تھی جب ان پر پولیس اہلکار پولیو ٹیم کی سیکورٹی پر مامور تھا جب ایک نامعلوم مسلح شخص نے ٹیم پر فائر کھول دیے اور پولیس اہلکار کو گولیوں کے زخم آئے۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ زخمی پولیس اہلکار ہسپتال جاتے ہوئے راستے میں دم توڑ گیا جبکہ حملہ آور جائے واردات سے فرار ہونے میں کامیاب رہے۔

(جاری ہے)

حکام کے مطابق پولیس نے حملہ آوروں کو گرفتار کرنے کے لیے علاقے میں تلاشی کا عمل شروع کردیا ہے اس کے علاوہ اس بات کی بھی تفتیش کی جارہی ہے کہ آیا یہ معاملہ پولیو مہم کی وجہ سے پیش آیا یا اس کے پیچھے ذاتی دشمنی کارفرما تھی۔

اس سلسلے میں بیان جاری کرتے ہوئے کمشنر مالاکنڈ ریاض محسون نے بتایا کہ کانسٹیبل ظفرعلی کی کچھ ذاتی دشمنیاں بھی تھیں تاہم پولیس اس حوالے سے مزید تحقیقات کررہی ہے۔خیال رہے کہ گزشتہ روز بھی خیبر پختونخوا کے علاقے بنوں میں نامعلوم افراد نے پولیو مہم کی سیکیورٹی پر مامور پولیس اہلکار کو فائرنگ کرکے قتل کردیا تھا۔اس سے دو روز قبل صوبہ خیبرپختونخوا کے دارالحکومت پشاور کے اسکول میں مبینہ طور پر پولیو ویکسینیشن کے بعد 75 بچوں کی حالت اچانک بگڑ گئی تھی، جنہیں ہسپتال منتقل کیا گیا تھا جبکہ مشتعل افراد نے صحت مرکز میں توڑ پھوڑ کرکے اسے نذر آتش کردیا تھا۔

بعد ازاں پشاور کی مقامی عدالت نے انسداد پولیو مہم کے خلاف مبینہ طور پر پروپیگینڈا کرنے اور بچوں کی طبیعت خرابی کا ڈرامہ رچانے والے ملزم کو ایک روزہ جسمانی ریمانڈ پر پولیس کے حوالے کردیا تھا۔

بونیر میں شائع ہونے والی مزید خبریں