بورے والا میں قتل کیس میں پی ٹی آئی جنوبی پنجاب کے صدر گرفتار

خالد چوہان کے بھائی اور دو کزنز کو بھی اس کیس میں گرفتار کیا گیا

Sumaira Faqir Hussain سمیرا فقیرحسین جمعرات 21 مارچ 2019 11:32

بورے والا میں قتل کیس میں پی ٹی آئی جنوبی پنجاب کے صدر گرفتار
بورے والا (اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 21 مارچ 2019ء) : بورے والا میں قتل کیس میں پاکستان تحریک انصاف جنوبی پنجاب کے نائب صدر کو گرفتار کر لیا گیا ہے۔ تفصیلات کے مطابق پاکستان تحریک انصاف جنوبی پنجاب کے نائب صدر خالد چوہان کو قتل کیس میں گرفتار کر لیا گیا ہے۔ خالد چوہان تین افراد کے قتل کیس میں نامزد ہیں۔ یاد رہے کہ بورے والا میں دو روز قبل لاری اڈہ پر دو ٹرانسپورٹ گروپس میں فائرنگ کا تبادلہ ہوا تھا جس کی زد میں آ کر تین راہ گیر جاں بحق ہو گئے تھے جس کا مقدمہ تھانہ سٹی بورے والا میں دہشتگردی ایکٹ ، قتل اور اقدام قتل کی دفعات کے تحت درج کیا گیا تھا۔

اس مقدمے میں پاکستان تحریک انصاف جنوبی پنجاب کے نائب صدر خالد چوہان سمیت ان کے بھائی ذوالفقار چوہان اور ان کے دو کزن بھی نامزد ہیں۔

(جاری ہے)

رات گئے ان کو بھی گرفتار کر لیا گیا تھا۔ واضح رہے کہ پاکستان تحریک انصاف نے اقتدار میں آنے کے بعد قانون کی بالادستی کا وعدہ کیا تھا اور عوام سے کہا تھا کہ اس ملک میں قانون کی بالادستی لائیں گے جس کے تحت طاقتور اور غریب کے لیے ایک ہی قانون ہو گا اور کوئی بھی قانون سے بالاتر نہیں ہو گا بلکہ اصل بالادستی قانون کی ہو گی۔

پاکستان تحریک انصاف کی حکومت میں قانون کی بالادستی کی واضح مثالیں موجود ہیں۔ آج صبح ہی مشال خان قتل کیس میں بھی پی ٹی آئی کے کونسلر کو سزا سنائی گئی ہے۔ پشاور کی انسداد دہشت گردی عدالت نے مشال قتل کیس کا فیصلہ سنایا۔ عدالت نے پاکستان تحریک انصاف کے کونسلر عارف اور اسد کو عمر قید کی سزا سنائی جبکہ کیس میں نامزد اظہار اللہ اور صابر مایار کو رہا کرنے کا حکم دے دیا۔یاد رہے کہ 13 اپریل 2017ء کو عبد الولی خان یونیورسٹی مردان کے 23 سالہ طالب علم مشال خان پر توہین مذہب کا الزام لگا کر مشتعل ہجوم نے تشدد کر کے اسے قتل کردیا تھا۔

بُورے والا میں شائع ہونے والی مزید خبریں