بورے والا،میونسپل کمیٹی کی دکانوں کی نیلامی کے خلاف تاجروں کی احتجاجی ریلی

جمعہ 18 اکتوبر 2019 18:24

بورے والا۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 18 اکتوبر2019ء) میونسپل کمیٹی کی دکانوں کی نیلامی کے خلاف اپنے مطالبات کے حق میں سینکڑوں تاجروں کی احتجاجی ریلی، صدر مرکزی انجمن تاجران حاجی محمد جمیل بھٹی اور محمد یٰسین بھٹی جنرل سیکرٹری تحصیل انجمن تاجران نے شہر کے مختلف بازاروں کے تاجروں کی ریلی سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ بلدیہ بورے والا کی طرف سے شہر کی ایک ہزار سے زائد دکانوں کی دوبارہ نیلامی کا جو اشتہار دیا ہے ہم اسے مکمل طور پر مسترد کرتے ہیں کیونکہ یہ غیر قانونی ہے اگر اسکی دوبارہ نیلامی کروانا مقصود تھا تو ایک ماہ قبل بلدیہ بورے والا تمام دکانداروں کو نوٹس جاری کرتی اور پھر انکی تجاویز اور اعتراضات پر غور کرنے کے بعد پہلے سے موجود دکانداروں کو اعتماد میں لیکر اشتہار جاری کیا جاتا۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ موجودہ دکاندار عرصہ 40 سال سے بلدیہ کو باقاعدہ کرایہ ادا کررہے ہیں اور اس میںلوکل گورنمنٹ پنجاب کے رولزکے تحت سالانہ دس فیصد اضافہ بھی ہورہا ہے اگر کچھ دکاندار بلدیہ کو کرایہ ادا نہیں کررہے تو ان سے دکانیں خالی کروانا یا ان سے سابقہ کرایہ وصول کرنا بلدیہ کا استحقاق ہے لیکن دیگر تمام دکانداروں کو انکے جائز حق سے محروم کرنا انکا معاشی قتل ہے تاجر برادری اس طرح کی نیلامی ہرگز نہیں ہونے دے گی تاجروں نے ہمیشہ حکومت کا ہر مشکل وقت میں ساتھ دیا ہے اور اپنے ذمہ ٹیکسوں کی ادائیگی بروقت کی ہے اس وقت ملک میں ایک مخصوص لابی حکومتی اداروں سے ایسے تاجر کش اقدامات کروا کر تاجروں کو حکومت کے خلاف اکسا رہی ہے ہم اس معاملے کا حل مذاکرات کے ذریعے چاہتے ہیں ہمیں سڑکوں پر آنے پہ مجبور نہ کیا جائے ریلی سے خطاب کرتے ہوئے یٰسین بھٹی نے کہا کہ تمام تاجر برادری متاثرین کے ساتھ کھڑی ہے ایک ہزار سے زائد خاندانوں کا معاشی قتل بورے والا کے 50 ہزار افراد کا معاشی قتل ہوگا ریلی سے خطاب میں جوئیہ روڈ کے تاجر اور مسلم لیگ( ق) کے راہنماء مبارک علی چیمہ نے کہا کہ ہم نہ ہی نیلامی ہونے دیں گے اور اگر کسی دوسرے شہری نے اس نیلامی میں حصہ لے کر ہمارے حق پر ڈاکہ ڈالنے کی کوشش کی تو اسکا انجام پورا شہر دیکھے گا ریلی میں حاجی بنیامین ،محمد عقیل بھٹی،محمد ایوب، حکیم محمد اسحاق، چوہدری اصغر حسین، خان اکبر علی خان صدر صرافہ ایسوسی ایشن، غلام مرتضی چوہان،چوہدری بشیر احمد، رانا محمد سلیم، حاجی اشتیاق احمد،حاجی محمد اشرف، محمد نواز اور دیگرسینکڑوں دکانداروںنے بھی شرکت کی۔

متعلقہ عنوان :

بُورے والا میں شائع ہونے والی مزید خبریں