کسان اتحاد کا اے ایس پی بورے والا کے خلاف احتجاجی ریلی، مظاہرہ

پیر 1 جون 2020 21:53

بورے والا۔ یکم جون (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 01 جون2020ء) کسان اتحاد کا اے ایس پی بورے والا کے خلاف احتجاجی ریلی اور دفتر کے سامنے مظاہرہ،اے ایس پی کی سربراہی میں متنازعہ رقبہ پر پولیس کی مدد سے قبضہ کروائے جانے اور اختیارات کا ناجائز استعمال کرنے کے خلاف سینکڑوں ڈنڈا بردار سڑکوں پر آ گئے،اے ایس پی کی معطلی کا مطالبہ،مظاہرے کے بعد انتظامیہ سے مذاکرات کامیاب،متعدد مطالبات منظور۔

تفصیلات کے مطابق پاکستان کسان اتحاد کے مرکزی کوآرڈینٹر و ضلعی صدر ملک ذوالفقار اعوان کی قیادت میں سینکڑوں ڈنڈا بردار کارکنوں کی اے ایس پی بورے والا کے ناروا رویہ اور مبینہ پولیس گردی کے خلاف احتجاجی ریلی نکالی گئی جو ملتان روڈ سے ہو کر اے ایس پی آفس کے سامنے پہنچی جہاں کسانوں نے قیامت خیز گرمی میں مبینہ پولیس گردی کے خلاف شدید نعرہ بازی بھی کی۔

(جاری ہے)

مظاہرین سے خطاب کرتے ہوئے ملک ذوالفقار اعوان،جنرل سیکرٹری چوہدری مہران علی اور دیگر کسان راہنمائوں نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ بورے والا میں پولیس بے لگام ہو چکی ہے اور آئے روز پولیس گردی کے واقعات میں غیر معمولی اضافہ تشویشناک ہو چکا ہے جس میں کوئی بھی طبقہ پولیس سے محفوظ نہیں رہا گذشتہ روز اے ایس پی بورے والا نے اپنے اختیارات کا ناجائز استعمال کرتے ہوئے 457 (ای بی) میں مشترکہ اراضی پر ایک کسان کے مخالفین کا زبردستی قبضہ کروایا اور کسان کے خلاف بے بنیاد مقدمہ درج کر کے خوفزدہ کرنے کی کوشش کی پولیس شریف اور پرامن شہریوں پر ظلم کرتی ہے جبکہ شہر میں ڈکیتیوں،چوریوں اور دیگر وارداتوں میں اضافہ ہو چکا ہے پولیس نے شہریوں کی جان و مال کو تحفظ فراہم کرنے کی بجائے شریف شہریوں کا جینا حرام کر رکھا ہے اگر اے ایس پی کو فوری معطل کر کے کسان کے خلاف درج مقدمہ خارج نہ کیا گیا اور قبضہ گروپ سے رقبہ واگزار نہ کروایا گیا تو ہمارا احتجاج پورے ملک میں پھیل جائے گا۔

شہر میں ہونے والی ڈکیتی اور چوری کی وارداتوں کے مقدمات درج کرنے کی بجائے متاثرہ افراد کو تھانوں کے چکر لگا کر کارروائی نہ کروانے پر مجبور کیا جا رہا ہے اگر حالات پر قابو نہ پایا گیا تو اسکی ذمہ داری اے ایس پی بورے والا پر ہو گی مظاہرے کے دوران پولیس انتظامیہ نے اسسٹنٹ کمشنر رانا اورنگزیب کے دفتر میں کسانوں سے مذاکرات کئے جس میں زیر قبضہ زمین کو واگزار کروانے،کسان کے خلاف درج مقدمہ خارج کرنے اور کسان کی درخواست پر قبضہ گروپ کے خلاف مقدمہ کے اندراج کی یقین دہانی کروائی گئی جسکے بعد کسانوں نے مظاہرہ پرامن طور پر ختم کر دیا۔

بُورے والا میں شائع ہونے والی مزید خبریں