گگو منڈی،تفتیشی افسران نے آئی جی پنجاب کے ویژن کی دھجیاں بکھیر دیں

پولیس کا روائتی رویہ تھانے میں آنے والے سائلین کے لئے وبال جان بن گیا

منگل 24 اگست 2021 22:58

گگو منڈی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 24 اگست2021ء) تھانہ گگو منڈی کے تفتیشی افسران نے آئی جی پنجاب کے ویژن کی دھجیاں بکھیر دیں ۔پولیس کا روائتی رویہ تھانے میں آنے والے سائلین کے لئے وبال جان بن گیا ۔عزت نفس کو مجروح ہونے سے بچانے کے لئے شہری تھانہ گگو کا رخ کرنے سے گریزاں ۔ سائلین تفتیشی افسران سے ملنے کے لئے شہر کی بااثر شخصیات کا سہارا لینے پر مجبور ہونے لگے ۔

ہتک آمیز رویہ اختیار کرنے پر شہری کی آئی جی پنجاب کی ہیلپ لائن پر تفتیشی افسر کے خلاف کمپلینٹ درج ۔ تفصیلات کے مطابق ۔ تھانہ گگو منڈی میں تعینات ASIندیم حسن نے آئی جی پنجاب کے سائلین کے ساتھ خوش اسلوبی کے ساتھ پیش آنے کے ویژن کی دھجیاں بکھیرنا شروع کردی موصوف کا شہریوں کے ساتھ ہتک آمیز رویہ وبال جان بن گیا ۔

(جاری ہے)

اختیارات کے نشے میں سائلین کے ساتھ بدتمیزی اور گالی گلوچ کر کے اپنی افسر شاہی کا احساس دلوانا مذکورہ تفتیشی افسر نے اپنا وطیرہ بنا لیا ۔

اپنی عزت نفس کو مجروح ہونے سے بچانے کے لئے شریف شہری علاقہ کی بااثر شخصیات کو ساتھ لے کر جانے پر مجبور ہونے لگے ۔تھانہ میں عام سائلین کے ساتھ منفی رویہ اختیار کرنے کی وجہ سے سائلین اپنی عزت نفس مجروح ہونے سے بچانے کے لئے تھانے کا رخ کرنے سے گریزاں ہیں اگر مجبورا ہو کر جانا پڑ بھی جائے تو شہر کی بااثر شخصیات کا سہارا لینے پر مجبور ہو جاتے ہیں جس کی وجہ سے تھانہ گگو منڈی میں شخصیات پرستی تیزی سے زور پکڑ رہی ہے ۔

گگو منڈی کے رہائشی محمد ارشد نے بتایا کہ گزشتہ روز ضمانت قبل از گرفتاری کی عدالتی روبکار لے کر تھانہ گگو منڈی کے تفتیشی افسر ندیم حسن کے کمرے میں گیا تو مذکورہ آئی او اپنے من پسند افراد کے ساتھ خوش گپیوں میں مصروف تھا میرے کمرے میں داخل ہو کر خوش گپیوں میں خلل پیدا کرنے پر آئی او ندیم حسن نے میرے ساتھ ہتک آمیز رویہ اختیار کرتے ہوئے اور نازیبا الفاظ استمعال کرتے ہوئے مجھے کمرے سے نکال دیا ۔

آئی او ندیم حسن کے ہتک آمیز رویہ اختیار کرنے سے درجنوں شہریوں کے سامنے سائل کی عزت نفس مجروح ہوئی ہے ۔شہری نے تفتیشی افسر کے منفی رویہ اختیار کرنے اور مبینہ طور پر بدتمیزی کرنے پر آئی جی پنجاب کی ہیلپ لائن 1787پر کمپلینٹ درج کروا دی ہے ۔تفتیشی افسر کے اس غیر اخلاقی رویہ اختیار کرنے پر شہریوں محمد عرفان صادق، محمد نعیم امین ، محمد شعیب ،محمد افضل ،محمد عمران ،محمد سعید ،حافظ بلال،مولوی محمد اشرف ، شیخ محمد ارشد ، محمد امین ، شمشاد اختر ، غلام مرتضی نے تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ اگر پولیس نے روائتی رویہ برقرار رکھا تو عوام اور پولیس کے درمیان خلاء مزید بڑھ جائے گا شہریوں نے آئی جی پنجاب کو ایسے روائتی رویہ رکھنے والے افسران کے خلاف کاروائی کرنے کا مطالبہ کیا ہے ۔

متعلقہ عنوان :

بُورے والا میں شائع ہونے والی مزید خبریں