تشویش ناک خبر، پاکستانی ڈیم ٹوٹ گیا

بلوچستان میں چاغی کے علاقے میں واقع ڈیم ٹوٹ گیا جس کے باعث ڈیم کا پانی زرعی زمینوں میں داخل ہوگیا

muhammad ali محمد علی منگل 5 فروری 2019 00:35

تشویش ناک خبر، پاکستانی ڈیم ٹوٹ گیا
چاغی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 04 فروری2019ء) تشویش ناک خبر، پاکستانی ڈیم ٹوٹ گیا، بلوچستان میں چاغی کے علاقے میں واقع ڈیم ٹوٹ گیا جس کے باعث ڈیم کا پانی زرعی زمینوں میں داخل  ہوگیا۔ تفصیلات کے مطابق رقبے کے لحاظ سے پاکستان کے سب سے بڑے صوبے بلوچستان سے تشویش ناک خبر موصول ہوئی ہے۔ ذرائع کے مطابق بلوچستان کے علاقے چاغی میں واقع ڈیم ٹوٹ گیا ہے۔

چاغی میں ٹوٹنے والا ڈیم چھوٹی نوعیت کا تھا جسے زرعی مقاصد کیلئے تمیر کیا گیا تھا۔ تاہم کچھ روز کے دوران ہونے والی موسلادھار بارشوں سے ڈیم ٹوٹ گیا ہے۔ بتایا گیا ہے کہ ڈیم ٹوٹنے کے بعد ڈیم کا پانی زرعی زمینوں میں داخل ہو گیا۔ ڈیم کے پانی نے زرعی زمینوں میں تیار کھڑی فصلوں کو تباہ کر دیا ہے، جبکہ ڈیم ٹوٹنے کےباعث لوگوں کی زندگیوں کو بھی شدید خطرات لاحق ہیں۔

(جاری ہے)

ایسے میں مطالبہ کیا گیا ہے کہ علاقے میں موجود آبادی کو جلد سے جلد وہاں سے نکالا جائے۔ واضح رہے کہ پاکستان میں کسی بھی نوعیت کے ڈیم کے ٹوٹنے کا تشویش ناک واقعہ آخری مرتبہ 2010 میں ملک میں آنے والے تباہ کن سیلاب کے دوران پیش آیا تھا۔ اس دوران کچھ چھوٹے اور زرعی مقاصد کیلئے تعمیر کیے گئے ڈیم ٹوٹ گئے تھے، جس کے باعث کافی تباہی ہوئی تھی۔

دوسری جانب ڈیمز عملدرآمد کمیٹی کے چیئرمین واپڈا لیفٹیننٹ جنرل مزمل حسین (ریٹائرڈ) نے کہا ہے کہ مہمند اور دیامربھاشا ڈیم پر تعمیراتی کام کیلئے عملدرآمد کمیٹی کی کامیابیاں تسلی بخش ہیں۔ پیر کوڈیمز عملدرآمد کمیٹی کے اجلاس کی صدارت چیئرمین واپڈا لیفٹیننٹ جنرل مزمل حسین (ریٹائرڈ) نے کی جس میں مہمند اور دیا مربھاشا ڈیم پر پیش رفت کا جائزہ لیا گیا۔

چیئر مین واپڈا نے کہا کہ مہمند اور دیامربھاشا ڈیم پر تعمیراتی کام کیلئے عملدرآمد کمیٹی کی کامیابیاں تسلی بخش ہیں ۔ چیئرمین واپڈا نے کہا کہ مہمند ڈیم کے سول اور الیکٹرو مکنیکل ورکس کے کنٹریکٹ کا عمل قوانین کے مطابق آگے بڑھ رہا ہے ،مہمند ڈیم کیلئے ترجیحی اراضی کی خریداری کا عمل فروری کے آخر تک مکمل ہوجائے گا۔ چیف سیکرٹری گلگت بلتستان نے کہا کہ دیامربھاشا ڈیم کے متاثرین کی آباد کاری کے منصوبہ پر مقامی لوگوں نے مکمل اعتماد کا اظہار کیا ہے ۔

چاغی میں شائع ہونے والی مزید خبریں