پاک ایران سرحد پر پاک فوج کا بدھ کی رات کو ہنگامی آپریشن

دہشت گرد تنظیم کے کارندوں کی ایران سے پاکستان داخل ہونے کی کوشش ناکام بنا دی، کچھ عرصہ قبل اغوا کیے گئے 4 ایرانی فوجیوں کو بھی بازیاب کروا لیا

muhammad ali محمد علی جمعرات 21 مارچ 2019 00:39

پاک ایران سرحد پر پاک فوج کا بدھ کی رات کو ہنگامی آپریشن
چاغی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 20 مارچ2019ء) پاک ایران سرحد پر پاک فوج کا بدھ کی رات کو ہنگامی آپریشن، دہشت گرد تنظیم کے کارندوں کی ایران سے پاکستان داخل ہونے کی کوشش ناکام بنا دی، کچھ عرصہ قبل اغوا کیے گئے 4 ایرانی فوجیوں کو بھی بازیاب کروا لیا۔ پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ کی جانب سے فراہم کردہ تفصیلات کے مطابق پاک فوج نے بدھ کی شب کو پاک ایران سرحدی علاقے میں آپریشن کیا ہے۔

ضلع چاغی کے علاقے اموری میں سیکیورٹی فورسز نے کامیاب آپریشن کیا۔ سیکیورٹی فورسز نے پاک افغان سرحد سے 3 سے 4 کلومیٹر دور بلوچستان میں کارروائی کی۔ کالعدم تنظیم کے دہشتگرد پاکستان میں داخل ہونے کی کوشش کر رہے تھے جب پاک فوج نے آپریشن کیا۔ آئی ایس پی آر کے مطابق دہشت گرد ایران کے 4مغوی فوجیوں کیساتھ پاکستان میں داخل ہونیکی کوشش کر رہے تھے۔

(جاری ہے)

تاہم پاک فوج نے چاروں مغوی ایرانی فوجیوں کو بازیاب کرا لیا۔ بعد ازاں پاک فوج نے بازیاب کرائے گئے ایرانی فوجیوں کو ایرانی حکام کے حوالے بھی کر دیا۔ مزید بتایا گیا ہے کہ پاک فوج کو اس حوالے سے انٹیلی جنس اطلاعات موصول ہوئی تھیں جس کے بعد آپریشن کیا گیا۔ واضح رہے کہ کچھ عرصہ قبل ایران کے سرحدی علاقے میں دوران گزشت ایرانی فوجی قافلے پر حملہ کرکے کچھ ایرانی فوجیوں کو اغوا کر لیا گیا تھا۔

اس واقعے کے بعد ایران نے بھارت کی زبان اپناتے ہوئے واقعے کا تمام الزام پاکستان پر دھر دیا تھا۔ تاہم اب پاک فوج کے آپریشن کے بعد ثابت ہوا کہ کچھ عرصہ قبل سرحدی علاقے میں ہونے والا حملہ ایران کے اندر ہی موجود ایک گروپ کی جانب سے کیا گیا تھا۔ جبکہ ایرانی فوج کی جانب سے اپنے مغوی فوجیوں کو بازیاب کروانے میں ناکام ہو جانے کے بعد پاک فوج نے ایکشن لیتے ہوئے مغوی ایرانی فوجیوں کو باحفاظت بازیاب کروا لیا ہے۔

چاغی میں شائع ہونے والی مزید خبریں