چاغی، یوم آزادی،کشمیریوں سے یکجہتی کے سلسلے میں مختلف علاقوں میں ریلیاں

بدھ 14 اگست 2019 17:30

چاغی ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 14 اگست2019ء) یوم آزادی اور کشمیریوں سے یکجہتی کے سلسلے میں ملک بھر کی طرح ضلع چاغی کے مختلف علاقوں میں بھی ریلیاں نکالی گئیں۔ضلعی صدر مقام دالبندین سمیت چاغی، نوکنڈی اور تفتان میں یوم آزادی کی مناسبت سے مختلف مکاتب فکر کی جانب سے الگ الگ ریلیاں نکالی گئیں جن میں لوگوں کی بڑی تعداد نے شرکت کرکے کشمیر میں بھارتی مظالم کے خلاف شدید غم و غصے کا اظہار کیا۔

(جاری ہے)

دالبندین میں مرکزی ریلی کی قیادت صوبائی وزیر مواصلات و تعمیرات میر محمدعارف محمدحسنی نے کی،جس میں ڈپٹی کمشنر چاغی فتح خان خجک، ایس پی محمدہاشم محمدحسنی سمیت دیگر افسران اور مختلف مکاتب فکر نے شرکت کی۔چاغی میں نکالی گئی ریلیوں میں قومی پرچموں کی بہار تھی۔ اس موقع پر شرکاء نے پاکستان اور پاک فوج کے حق میں زبردست نعرے بازی بھی کی۔یوم آزادی کے سلسلے میں مختلف تعلیمی اداروں میں رنگارنگ تقاریب کا انعقاد بھی کیا گیا،جن میں طلباء و طالبات نے تقاریر، ٹیبلو اور ملی نغمے پیش کرکے داد وصول کی۔اس موقع پر پولیس، لیویز فورس اور فرنٹیئر کور کے دستوں نے سیکیورٹی کے سخت انتظامات کررکھے تھے۔

متعلقہ عنوان :

چاغی میں شائع ہونے والی مزید خبریں