موجودہ حکومت عوام کو سہولیات کی فراہمی کے لیے تمام وسائل بروئے کار لارہی ہے ،

عوام کے پیسے کمیشن اور کرپشن کی نذر نہیں ہونے دیں گے،صوبائی وزیر خزانہ میر محمدعارف محمدحسنی

ہفتہ 22 ستمبر 2018 20:30

چاغی۔ 22ستمبر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 22 ستمبر2018ء) صوبائی وزیر خزانہ میر محمدعارف محمدحسنی نے کہا ہے کہ موجودہ حکومت عوام کو سہولیات کی فراہمی کے لیے تمام وسائل بروئے کار لارہی ہے، ترقی ایسی ہونی چاہیے جس کا فائدہ عام آدمی کو ملے ،عوام کے پیسے کمیشن اور کرپشن کی نذر نہیں ہونے دیں گے، چاغی کے تمام علاقوں کے مسائل یکساں اور ترجیحی بنیادوں پر حل کریں گے۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے دالبندین بازار کا دورہ کرنے کے موقع پر شہریوں، تاجروں، ہندو پنچائیت، طلباء اور اساتذہ سے گفتگو کرتے ہوئے کیا، جہاں وہ پروٹوکول کے بغیر عام لوگوں میں گھل مل گئے۔ اس موقع پر انہوں نے مختلف طبقہ فکر کے لوگوں سے فرداً فرداً ملاقات بھی کی۔ صوبائی وزیر خزانہ میر محمدعارف محمدحسنی نے دالبندین بازار کے قصاب مارکیٹ، بکرا منڈی، ہندو محلہ، لندن روڈ، مین بازار، گورنمنٹ مرکزی بوائز ہائی اسکول اور مختلف ترقیاتی منصوبوں کا دورہ کیا۔

(جاری ہے)

اس موقع پر انہوں نے دالبندین بازار میں مذبح خانہ اور کشادہ بکرا منڈی کے قیام، صفائی و نکاسی آب بہتر بنانے، اسکول و کالجز میں اساتذہ کی کمی دور کرنے اور امن عامہ کی صورتحال بہتر بنانے کا عہد کرتے ہوئے کہا کہ مسائل چاہے چھوٹے ہوں یا بڑے ان کو حل کرکے دم لیں گے تاکہ دہائیوں سے نظر انداز کیئے جانے والے معاملات کو بہتر کیا جاسکے، انہوں نے کہا کہ ضلع چاغی کے اکثر علاقوں کا دورہ کرکے لوگوں سے ملنے کا مقصد ان کے مسائل معلوم کرنا ہے تاکہ دستیاب وسائل میں عام لوگوں کو درپیش مسائل کو ہر ممکن طریقے سے حل کیا جاسکے۔

متعلقہ عنوان :

چاغی میں شائع ہونے والی مزید خبریں