اب انتخابی فہرست میں ووٹ کا اندراج صرف شناختی کارڈ پر درج مستقل یا عارضی پتہ پر کروایا جاسکتا ہے،ضلعی الیکشن کمشنر چاغی

ہفتہ 10 نومبر 2018 19:12

چاغی۔10نومبر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 10 نومبر2018ء) ضلعی الیکشن کمشنر چاغی کی پریس ریلیز کے مطابق الیکشنز ایکٹ 2017 کے سیکشن 27 کے تحت اب انتخابی فہرست میں ووٹ کا اندراج صرف شناختی کارڈ پر درج مستقل یا عارضی پتہ پر کروایا جاسکتا ہے ایسے تمام رائے دہندگان جن کے نام انتخابی فہرستوں میں ان کے شناختی کارڈ پر درج مستقل یا عارضی پتے سے مختلف ہیں ان سے درخواست ہے کہ وہ مندرجہ بالا ایکٹ کی روشنی میں 31 دسمبر 2018 تک اپنے ووٹ اپنے شناختی کارڈ پر درج مستقل یا عارضی پتے کے مطابق منتقل کروالیں31 دسمبر کے بعد ایسے تمام ووٹز جو تیسرے ایڈرس پے درج ہیں انتخابی فہرستوں سے نکال دیئے جائیں گے۔

بیان میں کہا گیا ووٹ کے اندراج اور منتقلی کے لیے فارم نمبر 21 الیکشن کمیشن آف پاکستان کی ویب سائیٹ یا رجسٹریشن افسر/ضلعی الیکشن کمشنر کے دفاتر سے حاصل کیے جاسکتے ہیں۔

(جاری ہے)

بیان کے مطابق درخواست گزار اپنے فارم کے ساتھ اپنے شناختی کارڈ کی اصل کاپی لازمی منسلک کریں اور ہر طرح سے مکمل فارم متعلقہ رجسٹریشن افسر/ضلعی الیکشن کمشنر کے دفتر میں جمع کروائیں. بیان میں کہا گیا کہ سرکاری ملازمین اور ان کے اہل خانہ کے افراد اپنے ووٹ کا اندراج شناختی کارڈ پر درج مستقل یا عارضی پتہ کے علاوہ ایسے پتہ پربھی کرواسکتے ہیں جہاں پر ملازمت کی وجہ سے عارضی رہائش اختیار کی گئی ہو۔

بیان میں واضح کیا گیا کہ الیکشن رولز 2017 کے مطابق فارم نمبر 21 درخواست گزار بذاتِ خود جمع کروائے گا بصورت دیگر فارم اختیار نامہ کے ساتھ بذریعہ اپنے والد، والدہ، خاوند /بیوی، بیٹی/دختر بھی جمع کروایا جاسکتا ہے۔ بیان میں کہا گیا کہ رائے دہندگان اپنے ووٹ کے اندراج کی تفصیلات جاننے کے لیے اپنا شناختی کارڈ نمبر 8300 پر ایس ایم ایس کریں جبکہ تمام اضلاع میں قائم مراکز معلومات و شکایات کی فہرست الیکشن کمیشن آف پاکستان کی ویب سائیٹ سے حاصل کی جاسکتی ہے۔

چاغی میں شائع ہونے والی مزید خبریں