دالبندین میں ماسٹر پلان کے تحت ترقیاتی منصوبوں پر جلد کام شروع ہوگا، نور الامین مینگل

پیر 6 جنوری 2020 17:16

چاغی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 06 جنوری2020ء) بلوچستان کے سیکرٹری مواصلات و تعمیرات نور الامین مینگل کا کہنا ہے کہ دالبندین میں ماسٹر پلان کے تحت ترقیاتی منصوبوں پر جلد کام شروع ہوگا۔ ان کا کہنا تھا کہ اس سلسلے میں ابتدائی طور پر ایک ارب روپے منظور کرلیے گئے ہیں۔

(جاری ہے)

ان خیالات کا اظہار انہوں نے چاغی کے مختلف علاقوں میں جاری ترقیاتی منصوبوں کا دورہ کرنے کے بعد دالبندین میں میڈیا کے نمائندوں سے گفتگو کرتے ہوئے کیا جہاں ان کا کہنا تھا کہ ماسٹر پلان اگلے تیس سالوں کے دوران دالبندین شہر کی ہئیت بدل دے گی جس میں شہر کی خوبصورتی، سڑکوں کی کشادگی، گلیوں کی ترتیب و تزئین، رہائشی و اقتصادی علاقوں کی تعمیر جبکہ تمام بنیادی سہولیات کی فراہمی وقت کی تقاضوں کے مطابق ہوگی۔

انہوں نے ایک سوال کے جواب میں چاغی میں جاری ترقیاتی منصوبوں کی معیار کو تسلی بخش قرار دیتے ہوئے کہا کہ ماسٹر پلان کے بغیر ترقیاتی منصوبے شروع کرنا پیسے کی ضیاع کے مترادف ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ فنڈز کا درست استعمال کرکے لوگوں کو معاشرتی اور معاشی طور پر مستحکم بنایا جاسکتا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ دالبندین ایک چھوٹا شہر ہے جہاں مستقبل کی منصوبہ بندی ابھی سے کرکے علاقہ مکینوں کو بہتر مستقبل دیا جاسکتا ہے۔

متعلقہ عنوان :

چاغی میں شائع ہونے والی مزید خبریں