تلہ گنگ ،چکوال، علاقہ دھن اورونہار کے لوگوں نے بھاری اکثریت سے پرویزالٰہی کو کامیاب کرایا، انکا احسان کبھی نہیں بھول سکتے،چوہدری شجاعت

جمعہ 17 اگست 2018 22:15

تلہ گنگ ،چکوال، علاقہ دھن اورونہار کے لوگوں نے بھاری اکثریت سے پرویزالٰہی کو کامیاب کرایا، انکا احسان کبھی نہیں بھول سکتے،چوہدری شجاعت
چکوال۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 17 اگست2018ء) پاکستان مسلم لیگ (ق) کے سربراہ سابق وزیراعظم پاکستان چوہدری شجاعت حسین ، سپیکر پنجاب اسمبلی چوہدری پرویزالٰہی، ق لیگ کے مرکزی رہنما چوہدری مونس الٰہی اورحافظ عمار یاسر کے ساتھ مسلم لیگ (ق) چکوال کے رہنما محمد خان تترال ، ملک احمد رضا میانی کی الگ الگ ملاقات ہوئی ۔ اس موقع پر سابق وزیراعظم چوہدری شجاعت حسین نے محمد خان تترال اوراحمد رضا میانی سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ تلہ گنگ ،چکوال، علاقہ دھن اورونہار کے لوگوں نے جو ہمیں محبت اورپیار دیاہے اوراتنی بھاری اکثریت سے چوہدری پرویزالٰہی کو کامیاب کیاہے ۔

ان کا احسان کبھی نہیں بھول سکتے ۔ چکوال کے علاقہ دھن ،ونہار اورتلہ گنگ کے لوگوں کا شکریہ ادا کرنے کیلئے میرے پاس کوئی الفاظ ہی نہیں ہیں ۔

(جاری ہے)

ہمیں اللہ تعالیٰ کی ذات پہ بھروسہ ہے کیونکہ ہم اپنے دوستوں کے ساتھ مخلص ہیں اورہمارے دوست بھی ہمارے ساتھ مخلص ہیں۔ ہم چکوال ،تلہ گنگ کے علاقہ دھن اورونہار کو بھی گجرات کی طرح اپنا گھر سمجھتے ہیں ۔

چوہدری شجاعت حسین نے مزید کہا کہ اگر اللہ تعالیٰ نے مجھے موقع دیا تو چوہدری پرویزالٰہی کی طرح حلقہ این اے 65اورچکوال کے لوگوں کی اسی طرح خدمت کروں گا اورعلاقے کی محرومیوں کاخاتمہ کریں گے کیونکہ یہ علاقہ صحیح معنوں میں غازیوں اورشہیدوں کی سرزمین ہے اس کی خدمت کرنا میرے لئے کسی عبادت سے کم نہ ہوگا۔ اس موقع پر چوہدری پرویز الہٰی کو محمد خان تترال اورملک رضا میانی نے سپیکر پنجاب اسمبلی منتخب ہونے پر مبارکباد پیش کی ۔

اس پر چوہدری پرویزالہٰی نے کہا یہ سب مبارکبادیں غازیوں اورشہیدوں کی سرزمین تلہ گنگ اور چکوال کی ہیں ۔ انشاء اللہ اس علاقے کی تعمیر وترقی کیلئے پہلے کی طرح بھرپور کردار ادا کروں گا۔ اس موقع پر چوہدری مونس الٰہی اور حافظ عمار یاسر نے کہا کہ انشاء اللہ ضلع چکوال کی تعمیر وترقی ہمارے لئے ایک فرض ہے اور ہم اس میںہرگز کوتاہی نہیں کریں گے ۔ محمد خان تترال نے سابق وزیراعظم پاکستان چوہدری شجاعت کو یقین دلایا کہ ضمنی الیکشن میں ق لیگ این اے 65میں بھرپور کامیابی حاصل کرے گی ۔

چکوال میں شائع ہونے والی مزید خبریں