پی ٹی آئی کی تمام اتحادی جماعتیں چٹان کی طرح ایک دوسرے کیساتھ کھڑی ہیں،صوبائی وزیر ہائر ایجوکیشن راجہ یاسر سرفراز

اتوار 20 جنوری 2019 18:10

چکوال۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 20 جنوری2019ء) صوبائی وزیر ہائر ایجوکیشن راجہ یاسر سرفراز نے کہا ہے کہ صوبائی وزیر حافظ عمار یاسر کا معاملہ طے پاگیا ہے اور اس حوالے سے پنجاب حکومت کو کوئی خطرہ نہیں اور پی ٹی آئی کی تمام اتحادی جماعتیں چٹان کی طرح ایک دوسرے کیساتھ کھڑی ہیں۔ وہ ڈینٹل سرجن پروفیسر ڈاکٹر ارشد محمود ملک کے صاحبزادے ڈاکٹر رضوان ارشد کے دعوت ولیمہ میں اخبار نویسوں سے گفتگو کررہے تھے۔

اس موقع پر رکن پنجاب اسمبلی سردار آفتاب اکبر بھی موجود تھے۔ سردار آفتاب اکبر نے بتایا کہ اراکین پنجاب اسمبلی کو ترقیاتی فنڈز کے بارے میں گرین سگنل دیا جا چکا ہے ، ان شاء اللہ پورے پنجاب اور ضلع چکوال میں بھی جلد ترقیاتی منصوبوں پر کام شروع ہوگا۔

(جاری ہے)

دعوت ولیمہ میں چوہدری امتیاز کرسال، چیئرمین چکوال پریس کلب خواجہ بابرسلیم محمود، چکوال الیکٹرانک میڈیا ایسوسی ایشن ضلع چکوال کے صدر ذوالفقار میر، سابق چیف افسر ضلع کونسل سبط الحسن گوندل کے علاوہ ڈاکٹرز اور عمائدین کی ایک بڑی تعداد نے شرکت کی۔

صوبائی وزیر راجہ یاسر سرفراز نے بتایا کہ کلر کہار جھیل کے علاوہ دیگر ڈیموں پر سیاحت کے فروغ کیلئے ایک بڑے منصوبے کی منظوری ہوچکی ہے اور ورلڈبینک بھی اس ضمن میں تعاون فراہم کررہا ہے، انہوں نے اس یقین کا اظہار کیا کہ سالٹ رینج اور کلر کہار جھیل مستقبل قریب میں پاکستان کا بڑا سیاحتی مرکز بنے گی۔

چکوال میں شائع ہونے والی مزید خبریں