چکوال، آپریشن کلین اپ، قدیمی چھپڑ بازار سے خوانچے اور چھابڑیاں بھی ہٹادی گئیں

ہفتہ 18 مئی 2019 18:05

چکوال ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 18 مئی2019ء) ہفتے کے روز قدیمی چھپڑ بازار سے خوانچے اور چھابڑیاں بھی ہٹادی گئیں جس کے نتیجے میں چھپڑ بازار ایک دفعہ پھر کھلا ہوگیا۔ بلدیہ چکوال کی طرف سے کیے جانے والے آپریشن کلین اپ میں یہ کارروائی کی گئی ہے۔ ڈپٹی کمشنر عبدالستار عیسانی کی ہدایت پر اسسٹنٹ کمشنر مظفر مختار نے تین ماہ قبل چھپڑ بازار میں غیر قانونی طور پر لگائے جانے والے ٹھیوں کو اٹھوا دیا تھا۔

(جاری ہے)

مگر اب ٹھیہ بانوں کے اٹھنے کے بعد خوانچہ فروشوں اور ریڑھی والوں نے چھپڑ بازار پر پھر اپنے پنجے گاڑنے شروع کردیے تھے۔انکروچمنٹ انسپکٹر بلدیہ چکوال سید ذوالقرنین شاہ نے بلدیہ کے عملہ اور پولیس نفری کے ہمراہ آپریشن کرکے خوانچے اور چھابڑیاں ہٹوادیں اس موقع پر بلدیہ کے عملہ نے تجاوز شدہ سامان ضبط بھی کرلیا۔ اُدھر اسسٹنٹ کمشنر مظفر مختار نے بتایا کہ چھپڑ بازار کو خوبصورت بنانے کیلئے ایک بڑے ماسٹر پلان کی منظوری ہوچکی ہے جس پر جلد عمل درآمد ہوگا اور چھپڑ بازار کو شہر کا سب سے خوبصورت بازار بنایا جائے گا جہاں پر ہر آنے والے کیلئے سہولیات کی فراہمی یقینی بنائی جائے گی۔

متعلقہ عنوان :

چکوال میں شائع ہونے والی مزید خبریں