چکوال، آئیسکو سب ڈویژن ڈھڈیال میں کھلی کچہری کا انعقاد

اتوار 18 اگست 2019 20:55

چکوال ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 18 اگست2019ء) آئیسکو سب ڈویژن ڈھڈیال میں ایس ای آئیسکو سرکل چکوال محمد اقبال خان پہوڑ کی کھلی کچہری، صارفین کی کثیر تعداد میں شرکت۔ کھلی کچہری سے خطاب کرتے ہوئے S.E چکوال محمد اقبال خان پہوڑ نے کہا کہ ہم صارفین کے مسائل کے حل اور بہتر سے بہتر انداز میں سروسز مہیا کرنے کے لیے ہمہ وقت کوشاں ہیں۔

سیکرٹری انرجی پاور ڈویژن اور چیف ایگزیکٹو آفیسر آئیسکو کی ہدایات کی روشنی میں تمام ڈویژنز میں کھلی کچہریوں کا اہتمام کیا جا رہا ہے تاکہ صارفین کے مسائل ان کی دہلیز پر حل کئے جا سکیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ بجلی چوری کی روک تھام کے لئے ہمارا ساتھ دیں اور بجلی چوروں کی نشاندہی کریں تاکہ ہم صارفین کو مزید بہتر سروسز اور سستی بجلی مہیا کر سکیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ کرپشن کا خاتمہ ہماری اولین ترجیح ہے اور عوام جائز کام میں رکاوٹ ڈالنے والوں اور کرپٹ عناصر کی نشاندہی کریں تاکہ اُن کے خلاف سخت ایکشن لیا جا سکے۔ وزیراعظم پاکستان اور سیکرٹری انرجی کے ویژن کے مطابق ہم نے آئیسکو کو کرپشن فری ادارہ بنانے کا عزم کر رکھا ہے اور کسی قسم کی کرپشن برداشت نہیں کریں گے۔ انہوں نے عوام الناس سے اپیل کرتے ہوئے کہا کہ واپڈا کی لائنوں اور تنصیبات کے نیچے تعمیرات سے گریز کریں اور اپنے آپ کو اور اپنے عزیز و اقارب کو حادثات سے بچانے میں ہمارے ساتھ تعاون کریں۔

برسات کے موسم میں حادثات سے بچنے کے لئے اپنے عزیز و اقارب اور مال مویشیوں کو واپڈا کی تنصیبات سے دور رکھیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ جہاں پر واپڈا کی لائنیں گھروں کی چھتوں کے نزدیک سے گزر رہی ہیں ان کی نشاندہی کریں تاکہ ان لائنوں کو شفٹ کیا جا سکے، اتھارٹی اس ضمن میں خصوصی توجہ دے رہی ہے اور وافر مقدار میں میٹریل مہیا کر رہی ہے تاکہ زیادہ سے زیادہ صارفین کی زندگیوں کو محفوظ بنایا جا سکے۔

کھلی کچہری میں صارفین نے لو وولٹیج، اوور لوڈڈ ٹرانسفارمرز، لٹکتی تاروں، ٹیڑھے پولوں، نیو کنکشن اور LT کراسنگ کے حوالے سے اپنے مسائل پیش کئے جن کے حل کے لئے S.E چکوال نے موقع پر احکامات صادر فرمائے۔ اس موقع پر سابق چیئرمین یونین کونسل ڈھڈیال خورشید بیگ نے آئیسکو کے عملہ کی مستعدی اور فرض شناسی کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ آئیسکو ڈھڈیال سب ڈویژن کا عملہ عوام الناس کی بھرپور خدمت کر رہا ہے اور جب بھی بجلی سے متعلق کوئی مسئلہ درپیش ہو تو واپڈا کا عملہ فوراً اُس کو حل کرنے کی پوری کوشش کرتا ہے۔ کھلی کچہری میں ایکسین ڈھڈیال راجہ محمد مظہر جتوئی، ریونیو آفیسر اور تمام سب ڈویژنز کے ایس ڈی اوز نے شرکت کی۔

چکوال میں شائع ہونے والی مزید خبریں