نواز شریف نے میڈیکل رپورٹس نہ بھجوا کرمعاہدہ کی پاسداری نہیں کی،یاسمین راشد

سابق وزیراعظم کی طبیعت پاکستان میں بہتر نہ ہوتی تو شاید انہیں کوئی بھی جہاز پر بھی نہ چڑھنے دیتا، میڈیا سے گفتگو

ہفتہ 26 ستمبر 2020 19:27

نواز شریف نے میڈیکل رپورٹس نہ بھجوا کرمعاہدہ کی پاسداری نہیں کی،یاسمین راشد
چکوال(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 26 ستمبر2020ء) صوبائی وزیر صحت پنجاب یاسمین راشد نے کہا ہے کہ نواز شریف نے معاہدہ کی پاسداری نہیں کی اور باہر جا کر اپنی میڈیکل رپورٹس ہمیں نہیں بھجوائیں،انسانی ہمدردی کے تحت ان کو بھیجا گیا مگر انہوں نے باہر جا کر سیاست شروع کر دی ہے، اگر ان کی طبیعت یہاں بہتر نہ ہوتی تو شاید انہیں کوئی بھی جہاز پر بھی نہ چڑھنے دیتا۔

(جاری ہے)

اتوار کے روز چکوال میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہاکہ ہم امید رکھتے تھے کہ نوازشریف علاج کروا کر دو ماہ میں واپس آجائیں گے لیکن انہوں نے اپنا وعدہ پورا نہیں کیا اور ان کے بھائی شہباز شریف نے بھی جو ضمانت دی وہ بھی نہیں پوری کی گئی۔وہ چکوال میں پانچ سو بستروںکے ہسپتال کیلئے مختص کی جانے والی اراضی کے معائنے کے بعد اخبار نویسوں سے گفتگو کررہی تھیں۔

اس موقع پر صوبائی وزیر ہائر ایجوکیشن راجہ یاسر سرفراز بھی ان کے ہمراہ تھے ۔ڈاکٹر یاسمین راشد نے مزید کہا کہ ادویات کی قیمتیں 2003 کے بعد نہیں بڑھائی گئیں. ادویات میں حالیہ اضافہ کوئی بہت بڑا اضافہ نہیں ہے۔ قبل ازیں انہوں نے ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹر ہسپتال چکوال کا بھی دورہ کیا اور مختلف وارڈز میں مریضوں کی خیریت دریافت کی۔

چکوال میں شائع ہونے والی مزید خبریں