وائس چیئرمین کی صدارت میں ضلع کونسل چکوال کا اہم اجلاس

اجلاس میں 37کروڑ6لاکھ 24ہزار روپے ڈویلپمنٹ سکیموں کی متفقہ طور پر منظوری دیدی گئی

جمعرات 24 اگست 2017 17:20

چکوال ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 24 اگست2017ء) ضلع کونسل چکوال کا اہم اجلاس جمعرات کے روز وائس چیئرمین ضلع کونسل چوہدری خورشید بیگ کی صدارت میں منعقد ہوا جس میں ضلع بھر کی71یونین کونسلوں کے چیئرمینوں اور منتخب خواتین کونسلروں نے شرکت کی۔اجلاس میں 37کروڑ6لاکھ 24ہزار روپے ڈویلپمنٹ سکیموں کی متفقہ طور پر منظوری دیدی گئی ۔جبکہ تمام چیئرمین اپنی اپنی یونین کونسل میں 25-25لاکھ کے ترقیاتی سکیمیں مکمل کرائیں گے۔

ضلع کونسل میں تمام اپوزیشن سمیت تمام ممبران کو برابری کی سطح پر فنڈ فراہم کیے گئے ہیں۔جبکہ چیئرمین اور وائس چیئرمین کی صوابدیدی فنڈ 15کروڑ روپے مختص کیے گئے ہیں۔اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ ملتان خورد ،تلہ گنگ اور ٹمن میں نئی دکانات تعمیر کرائی جائیگی اور انکی نیلامی کی منظوری حاصل کر لی گئی۔

(جاری ہے)

اجلاس کو بتایا گیا کہ ضلع کونسل چکوال نے اپنے اثاثہ جات ، ملکیتی زمینوں پر کنٹرول اور اختیار حاصل کر لیا ہے اور ڈپٹی کمشنر چکوال کے نمائندے اور ضلع کونسل کی منظور شدہ کمیٹی کی نگرانی میں نیلامی، دکانات و کرایہ داری دکانات کا عمل مکمل کیا گیا ہے۔

اجلاس کو مزید بتایا گیا کہ اثاثہ جات کی واپسی سے ضلع کونسل کی آمدنی میں خاطر خواہ اضافہ ہوگا۔ اس موقع پر وائس چیئرمین ضلع کونسل چوہدری خورشید بیگ نے اپنے خطاب کے دوران کہا کہ میں تمام اپوزیشن ممبران کا تہہ دل سے مشکور و ممنون ہوں کہ انہوں نے ہمارے ساتھ بے حد تعاون کیا انہوں نے کہا کہ ہم بھی تمام ممبران ضلع کونسل کو ساتھ لے کر چلیں گے۔اور انکی تجاویز کو انتہائی قدر کی نگاہ سے دیکھیں گے۔

چکوال میں شائع ہونے والی مزید خبریں