چکوال میں ن لیگ کا مضبوط قلعہ پی ٹی آئی کے طوفان میں زمین بوس ہو چکا ہے،سردار ذوالفقار علی خان

ضلع بھر میں تبدیلی کی چلتی ہوئی لہر ایک تحریک کی شکل اختیار کر چکی ہے، میرا جینا مرنا عوام کے ساتھ ہو گا، پی ٹی آئی امیدوار کا انتخابی مہم سے خطاب

پیر 16 جولائی 2018 19:02

چکوال(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 16 جولائی2018ء) چکوال میں ن لیگ کا مضبوط قلعہ پی ٹی آئی کے طوفان میں زمین بوس ہو چکا ہے۔عمران خان کا تبدیلی کا نعرہ چکوال کے باسیوں کے دلوں میں پیوست ہو چکا ہے۔ختم نبوت بل کے مجرموں کو خدائی قہر کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔ضلع بھر میں تبدیلی کی چلتی ہوئی لہر ایک تحریک کی شکل اختیار کر چکی ہے۔پاکستان تحریک انصاف کے راہنما سابق رکن پنجاب اسمبلی امیدوار برائے حلقہ این اے 64سردار ذوالفقار علی خان دلہہ کی جارحانہ انتخابی مہم نے 25جولائی کا معرکہ یکطرفہ کر دیا ہے۔

آڑہ بشارت،ڈھوک ٹاہلیاں،جسوال،بن امیر خاتون،ربال،مارتھ ،امیر پور منگن اور مرید میں بڑے اجتماعات سے خطاب کرتے ہوئے سردار ذوالفقار علی خان دلہہ نے کہا کہ میں چیئرمین عمران خان کے حکم پر چکوال کی محرومیوں کی خاتمے کے لیے میدان میں اترا ہوں۔

(جاری ہے)

میرے ایک ہاتھ میں پاکستان کا پرچم ہے۔اور دوسرے ہاتھ میں پی ٹی آئی کا پرچم لہرا رہا ہے۔انہوں نے کہا کہ آئو مل کر تعمیر و ترقی کے باب روشن کرنے کے لیے تحریک کا آغاز کریں۔

میں این اے 64میں مقیم ہر فرد سے استدعا کر رہا ہوں کہ ہمارے پاس یہ ایک آخری موقع ہے کہ ہم اپنی نوجوان نسل کے مستقبل کو محفوظ کر یں۔اگر ہم نے اس میں کوتاہی برتی تو تاریخ ہمیں معاف نہیں کریگی۔کون نہیں جانتا کہ چکوال میں ن لیگ کو عوام مسترد کر چکے ہیں آج ہر کوئی کپتان کی آواز پر لبیک کہہ رہا ہے۔مذکورہ تمام اجتماعات میں لوگوں نے سردار ذوالفقار علی خان دلہہ کو یقین دلایا کہ ہم پی ٹی آئی کا الیکشن خود لڑیں گے اور 25جولائی کو بلے پر محریں لگا کر ثابت کر دینگے کہ پاکستان میں اور چکوال میں عملی تبدیلی آ چکی ہے۔

سردار ذوالفقار علی خان دلہہ نے مزید کہا کہ جہاں میں ہر چھوٹے بڑے قصبات میں چیئرمین عمران خان کا پیغام پہنچا رہا ہوں وہاں میں اپنی مائوں ،بہنوں اور بیٹیوں سے بھی اپیل کرتا ہوں کہ ہماری ملکی تاریخ میں ہر تحریک میں خواتین کا کردارمثالی رہا ہے۔ اور ہماری خواتین کو بھی اپنا اہم کردار ادا کرنا ہو گا۔انہوں نے کہا کہ این اے 64میں ہمارے بزرگوں اورہمارے نوجوان بچوں کا ولولہ اور جوش دیدنی ہے۔

این اے 64کے لوگوں میں آپ کی محبت اور پیار کو فراموش نہیں کر سکتا۔میرا وعدہ ہے کہ میرا جینا مرنا عوام کے ساتھ ہو گا۔میں نے گذشتہ پانچ سالوں میں اپنے حلقہ انتخابات میں جس انداز میں تعمیر و ترقی کی شمع روشن کی تھی عوام خود اسکے گواہ ہے۔انہوں نے کہا کہ میں اس بات کو پس پشت نہیں ڈال سکتا کہ طاقت کا سرچشمہ عوام ہے۔عوام جھوٹے وعدوں اور طفل تسلیوں پر یقین نہیں رکھتے۔

انہوں نے کہا کہ 25جولائی کا دن آہستہ آہستہ گھنٹوں میں تبدیل ہو رہا ہے۔میرے بھائیوں ہر لمحہ ہم سب کے لیے اہم ہے۔گلی کوچوں میں پھیل جائیں۔ اور بلے پر مہریں لگانے کی تیاریاں مکمل کر لیں۔سینئر تجزیہ نگاروں کے مطابق اگر چہ مقابلہ پی ٹی آئی اور ن لیگ کے درمیان ہے مگر پی ٹی آئی کے نامزد امیدوار حلقہ این اے 64سردار ذوالفقار علی خان دلہہ کی دن رات کی انتخابی مہم نے ن لیگ کو دفاعی پوزیشن میں ڈال دیا ہے۔اور سردار ذوالفقار علی خان دلہہ کے 25سے 30ہزار ووٹوں کی برتری سے کامیابی حاصل کرنے کے امکانات روشن ہیں۔

چکوال میں شائع ہونے والی مزید خبریں