صدر ممنون اپنی آئینی ذمہ داری پوری کرتے ہوئے وسیع میثاق جمہوریت تیار کرنے میں اپنا کردار ادا کریں سی آر شمسی کا مطالبہ

ہفتہ 21 جولائی 2018 21:47

چکوال(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 21 جولائی2018ء) پاکستان فیڈرل یونین آف جرنلٹس کے رہنما سی آر شمسی نے ہفتے کے روز مطالبہ کیا کہ صدر اسلامیہ جمہوریہ پاکستان ممنون حسین اپنی آئینی ذمہ داری پوری کرتے ہوئے وسیع میثاق جمہوریت تیار کرنے میں اپنا کردار ادا کریں ، تمام سیاسی جماعتوں اور تمام سٹیک ہولڈرز کو بیٹھا کر مستقبل کا لائحہ عمل تیار کریں۔

بصورت دیگر مستقبل قریب میں انتشار واضح ہوتا نظر آرہا ہے۔ وہ چکوال پریس کلب کے پروگرام جمہوریت اور میڈیا کے حوالے سے گفتگو کررہے تھے۔تقریب کی صدارت چیئرمین چکوال پریس کلب خواجہ بابر سلیم محمود نے کی اور اپنے افتتاحی خطاب میں کہا کہ 25جولائی کے انتخابات پر انگلیاں اٹھ رہی ہیں، صحافیوں سے ان انتخابات کی کوریج کیلئے بیان حلفی مانگے جارہے ہیں اور یقین دہانیاں حاصل کی جا رہی ہیں۔

(جاری ہے)

خواجہ بابر سلیم محمود نے مزید کہا صحافت کو بلیک آئوٹ کرنے سے مسائل بڑھیں گے۔ سی آر شمسی نے اپنے خطاب میں مزید کہا کہ جمہوریت میں آزادی صحافت اس کا حسن ہے مگر بدقسمتی سے سیاستدانوں نے جمہوریت کی اصل روح کا نہیں سمجھا تمام اداروں کو آئین کے اندر رہ کر کام کرنا ہوگا اور آئین پاکستان ، آزادی صحافت کی ضمانت دیتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ آزادی صحافت کیلئے صحافیوں نے بھرپور جدوجہد کی ہے، چار کڑے مارشل لاء برداشت کیے ہیں ، صحافیوں نے جیلیں اور کوڑے کھائے ہیں اور موجودہ آزادی صحافت کو بدقسمتی سے اس جمہوری دور میں تین حصوں میں تقسیم کردیا گیا ہے۔

انہوں نے تمام صحافتی تنظیموں سے بھی اپیل کی کہ وہ اپنے چھوٹے موٹے اختلافات ختم کرکے اکھٹے ہوجائیں کیونکہ مستقبل قریب میں جمہوریت کے علاوہ آزادی صحافت کو بھی بڑے خطرات درپیش ہیں۔آخر میں شفاف انتخابات اور آزادی صحافت کیساتھ اظہار یکجہتی کا کیک بھی کاٹا گیا۔

چکوال میں شائع ہونے والی مزید خبریں