عید الاضحی کے موقع پر سکیورٹی کے فول پروف انتظامات مکمل کر لیے ہیں، ڈی پی او چکوال عادل میمن

جمعرات 16 اگست 2018 22:44

چکوال۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 16 اگست2018ء) ڈی پی او چکوال عادل میمن نے کہا ہے کہ عید الاضحی کے موقع پر چکوال پولیس نے سیکورٹی کے فول پروف انتظامات مکمل کر لیے ہیں۔ضلع بھر میں نماز عید کے 202اجتماعات منعقد ہونگے۔وہ جمعرات کے روز اپنے دفتر میں میڈیا سے گفتگو کر رہے تھے۔ڈی پی او نے مزید بتایا کہ عید الاضحی سے ایک روز قبل سرچ آپریشن شروع کیا جائیگا اور ضلع بھر کے تمام داخلی راستوں پر پولیس چیک پوسٹیں قائم کی جائینگی، 1250ملازمین کو سکیورٹی کی ڈیوٹیاں سونپ دی گئی ہیں جبکہ پنجاب ہائی وے اور ٹریفک پولیس بھی اپنے فرائض منصبی بتدریج احسن ادا کریگی۔

چکوال کی تمام تفریحی مقامات پر بھی پولیس کی بھاری نفری تعینات کی جائیگی۔تا کہ مقامی اور دور دراز علاقوں سے آئے ہوئے سیاحوں کو بہتر سہولیات میسر آئے۔

(جاری ہے)

انہوں نے مزید بتایا کہ حکومت نے 80کالعدم تنظیموں پر قربانی کی کھالیں اکٹھی کرنے پر پابندی عائد کر رکھی ہے جبکہ قربانی کی کھالیں اکٹھی کرنے کے لیے ڈی سی آفس اور ہوم ڈیپارٹمنٹ سے پیشگی اجازت حاصل کرنا لازمی ہوگا اور اگر کوئی بغیر اجازت کیمپ لگا کر کھالیں اکٹھی کرنے کا عمل کریگا تو انکے خلاف قانونی کاروائی عمل میں لائی جائیگی۔

انہوں نے مزید بتایا کہ تمام نماز عید کے اجتماعات کے مقامات پر واک تھرو گیٹ نصب کیے جائینگے اور نمازیوں کے تحفظ کے لیے چھتوں پر بھی پولیس کے چاق و چوبند جوان تعینات ہونگے۔انہوں نے کہا کہ تمام بازاروں اور پبلک ٹرانسپورٹ اڈوں پر بھی جانچ پڑتال کا سلسلہ جاری رہیگا اور یہاں بھی سیکورٹی کے سخت انتظامات ہونگے۔انہوں نے مزید بتایا کہ نو عمر موٹرسائیکل ڈرئیوروں ،ون ویلنگ اور سلینسر نکلے موٹرسائیکلوں کے خلاف بھی مقدمات درج کیے جائینگے۔انہوں نے عوام سے اپیل کی کہ وہ پولیس کے ساتھ بھرپور تعاون کرتے ہوئے کسی بھی مشکوک سرگرمیاں دیکھتے ہی قریبی پولیس سٹیشن پر اطلاع کریں اور اطلاع کنندہ کے نام صیغا راز میں رکھا جائیگا۔

متعلقہ عنوان :

چکوال میں شائع ہونے والی مزید خبریں