انسداد تجاوزات آپریشن کے دوران 400کنال سرکاری اراضی واگزار کرا لی گئی ہے، ڈپٹی کمشنر غلام صغیر شاہد

پیر 22 اکتوبر 2018 22:49

چکوال ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 22 اکتوبر2018ء) ڈپٹی کمشنر غلام صغیر شاہد اور ڈی پی او چکوال عادل میمن نے تجاوزات کے خلاف جاری آپریشن اور صفائی مہم کا جائزہ لیا۔اس موقع پر سی او ہیلتھ ڈاکٹر مختار اعوان،محکمہ جنگلات کے ایس ڈی او رضوان بشیر،چیئرمین بلدیہ چوہدری سجاد احمد خان، سی او چوہدری سبط الحسن، اسسٹنٹ کمشنر محسن اقبال، ڈی ایس پی ٹریفک ندیم ملک، ڈی ایس پی صدر رحمن قادر ،محکمہ ماحولیات کے انچارج محمد شہباز اور بلدیہ چکوال کا عملہ ہمراہ تھے۔

ڈپٹی کمشنر اور ڈی پی او نے ون فائیو چوک ،محلہ رحمانیہ ،پنڈی روڈ پر تعمیر ہونے والے کمرشل پلازوں اور صفائی کے انتظامات کا جائزہ لیا۔ انہوں نے قصبہ ڈھڈیال میں بھی تجاوزات کا خصوصی جائزہ لیا۔اس موقع پر ڈپٹی کمشنر نے ٹی پی او بلدیہ کو حکم دیا کہ وہ کمرشل پلازوں کے نقشہ جات کا ریکارڈ انہیں پیش کریں اور صفائی مہم کو مزید تیز کریں۔

(جاری ہے)

اس موقع پر انہوں نے میڈیا کو بتایا کہ بلدیہ چکوال کے پاس عملہ صفائی انتہائی کم ہے مگر پھر بھی صفائی ستھرائی کے کام پر بھرپور توجہ دی جا رہی ہے۔

انہوں نے مزید بتایا کہ 7800کنال سرکاری اراضی پرتجاوزات کیے گئے ہیں جن میں سے 400کنال سرکاری اراضی واگزار کرا لی گئی ہے اور دیگر تجاوزات کے خلاف بڑے آپریشن کی تیاریاں مکمل کر لی گئی ہیں۔ مقامی انتظامیہ نے چکوال شہر کے مرکزی چھپڑ بازار کے معائنہ کے دوران بتایا کہ مقامی انتظامیہ کی طرف سے موقع فراہم کیا جا رہا ہے کہ لوگ رضاکارانہ طور پر تجاوزات کا خاتمہ کر دیں۔ ڈپٹی کمشنر نے مزید بتایا کہ حکومت کی ہدایت پر کچی آبادیوں پر آپریشن نہیں کیا جا رہا۔

متعلقہ عنوان :

چکوال میں شائع ہونے والی مزید خبریں