پچھلی حکومتوں کے بے تحاشا قرضوں کا بوجھ عوام پر ہے ، امجد علی خان نیازی

جمعرات 25 اپریل 2019 18:14

چکوال۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 25 اپریل2019ء) پاکستان دفاعی کمیٹی کے چیئرمین امجد علی خان نیازی نے کہا ہے کہ پاکستان میں موجودہ بحران اور مہنگائی کی شدت چند ماہ کا نتیجہ نہیں بلکہ پچھلی حکومتوں کے بے تحاشا قرضوں کا بوجھ جو انہوں نے اس معیشت کے اوپر سوار کیا اس کا نتیجہ ہے ۔ آج ساڑھے چھ ارب روزانہ کا قرض کا بوجھ اس معیشت پر موجود ہے ۔

وہ اسلام آباد سے چکوال پریس کلب میں ٹیلی فونک گفتگو کررہے تھے۔ انہوں نے مزید کہا کہ حیرت انگیز بات تو یہ ہے کہ پچھلے حکمران جو تجارت پیشہ تھے ان کے اپنے کاروبار تو روز بہ روز ترقی کرتے چلے گئے اور جب جب ان کی حکومتیں آئیں تو کھربوں ڈالر کے انہوں نے منافعے کمائے ۔ لیکن تمام ملکی اداروں کو اپنی کرپشن اور چور بازاری کی وجہ سے انہوں نے خسارے کا شکار کیا۔

(جاری ہے)

آج موجودہ گورنمنٹ پوری کوشش کر رہی ہے کہ ان اداروں کو اپنے پائوں پر کھڑا کیا جائے لیکن اس کے لیے ضروری ہے کہ ان چوروں، لٹیروں اور ملک کے غداروں کو شکنجے میں لایا جائے اور ان سے کرپشن کے پیسے واپس نکالے جائیں ۔ یہ بھی ایک سچ ہے کہ جب جب عدالتوں میں نیب ان کے اوپر کوئی کیس بناتی ہے یا ان کی گرفتاری عمل میں آتی ہے ۔ جہاں ان کی صحت خراب ہو جاتی ہے وہیں جمہوریت بھی خطرے میں پڑ جاتی ہے ۔

انشاء اللہ یہ حکومت اپنے پانچ سال پورے کرے گی ۔ جمہوریت کو کوئی خطرہ نہیں ہے ، خطرہ ان کی کرپشن کو ہے ۔ ان کے کالے کرتوتوں کو ہے ۔ وہ وقت دور نہیں ہے کہ جب ان کی تجوریوں سے کرپشن کا سارا پیسہ نکال کر اس ملک کی عوام پر خرچ کیا جائے گااو رملکی اداروں کو پھر سے اپنے پائوں پر کھڑا کیا جائے گا۔ مشکلات ضرور ہیں لیکن عمران خان انشاء اللہ اس قوم کو ان مشکلات سے ضرور نکالیں گے اور ایک بار پھر یہ قوم ایک قوم بن کر عمران خان کے ساتھ کھڑی ہے اور وہ ملک کو ترقی کی راہ پر لے کر جائیں گے ۔

چکوال میں شائع ہونے والی مزید خبریں