پٹرول پمپ کے علاوہ ڈیزل و پٹرول فروخت کرنا غیرقانونی ہے،سول ڈیفنس آفیسر چکوال

پیر 17 جون 2019 23:39

چکوال ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 17 جون2019ء) عقیل عالم خٹک سول ڈیفنس آفیسر چکوال نے پیر کے روز بتایا کہ پٹرول پمپ کے علاوہ ڈیزل و پٹرول فروخت کرنا غیرقانونی ہے ۔ تفصیلات کے مطابق عقیل عالم سول ڈیفنس آفیسر چکوال نے کہا ہے کہ پٹرولیم رولز کے مطابق پٹرول پمپس کے علاوہ ڈیزل و پٹرول فروخت کرنا غیر قانونی ہے اور اس غیر قانونی عمل کی وجہ سے کئی انسانی جانوں کا ضیاع ہوچکا ہے اور لاکھوں و کروڑوں روپے کا نقصان ہوچکا ہے ۔

انہوں نے مزید کہا کہ گورنمنٹ آف پنجاب کے احکامات اور کیپٹن (ر) عبدالستار عیسانی ڈپٹی کمشنر / کنٹرولر سول ڈیفنس چکوال کی ہدایات پر سول ڈیفنس چکوال نے غیر قانونی ڈیزل و پٹرول فروخت کرنے والوں کے خلاف مہم شروع کردی ہے ، جس میں پٹرول پمپس کے علاوہ ڈیزل و پٹرول فروخت کرنے والی غیر قانونی ڈیزل و پٹرول ایجنسیوں کے خلاف کریک ڈاؤن کیا جائے گا اور اس کریک ڈاؤن میں غیر قانونی ڈیزل و پٹرول قبضہ میں لیا جائے گا اور ساتھ ہی غیر قانونی طور پر نصب ڈسپنسر مشینیں بھی قبضہ میں لی جائیں گی اور غیر قانونی ڈیزل و پٹرول فروخت کرنے والوں پر ایف آئی آر بھی درج کروائی جائیں گی ۔

(جاری ہے)

انہوں نے مزید کہا کہ غیر قانونی ڈیزل و پٹرول فروخت کرنے والوں کو آخری انتباہ کیا جاتا ہے کہ وہ اپنا غیر قانونی کام فی الفور بند کردیں یا گورنمنٹ سے باقاعدہ اجازت لیکر پٹرول پمپ نصب کرکے اپنے کاروبار کو قانونی طریقے سے چلائیں۔

چکوال میں شائع ہونے والی مزید خبریں