چکوال۔ شفع، تقسیم، فیملی کے خلع مقدمات میں موجودہ قوانین میں ترامیم کی اشد ضرورت ہے،سینئر قانون دان محمد امیر بٹ

پیر 21 اکتوبر 2019 23:18

چکوال۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 21 اکتوبر2019ء) سینئر قانون دان ایڈووکیٹ سپریم کورٹ محمد امیر بٹ نے تجویز دی ہے کہ، شفع، تقسیم، فیملی کے خلع مقدمات میں موجودہ قوانین میں ترامیم کی اشد ضرورت ہے تاکہ عوام کو سستا اور فوری انصاف فراہم ہوسکے، موجودہ قانون کے تحت انصاف کے حصول کیلئے فریقین کو سالہاسال انتظار کرنا پڑتا ہے۔ وہ ڈسٹرکٹ بار چکوال میں صوبائی وزیر قانون راجہ محمد بشارت اور صوبائی وزیر ہائر ایجوکیشن راجہ یاسر سرفراز کی موجودگی میں خطاب کررہے تھے۔

محمد امیر بٹ ایڈووکیٹ نے مزید کہا کہ 2010 میں ان مذکورہ تین معاملات میں کچھ قانون میں ترامیم کی گئی مگر اس سے فائدے کی بجائے الٹا نقصان ہوا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ ملک میں فوری انصاف کیلئے ماڈل کورٹس کا قیام خوش آئند ہے مگر اس میں انصاف کی فراہمی کو یقینی بنانے کے اقدامات کی ضرورت ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ جلد بازی میں غلط فیصلوں کا بھی امکان بہرحال موجو د ہے لہٰذا اس حوالے سے جج صاحبان کی بھی تربیت کی جانی چاہیے اور انہیں قانون کی آگاہی کے حوالے سے ریفریشرز کورس کروائے جائیں۔

محمد امیر بٹ نے کہا کہ موجودہ عدالتی نظام عوام کو انصاف دینے میں کامیاب نہیں ہوا ہے لہٰذا انصاف کی فوری فراہمی کیلئے موجودہ حکومت کو سنجیدہ اقدامات کرنے ہونگے کیونکہ انصاف کی فراہمی پی ٹی آئی کا ابتدائی اور بنیادی منشور ہے۔

چکوال میں شائع ہونے والی مزید خبریں