سرکاری پرائس کنٹرول کمیٹی اشیاء ضرورت کی قیمتوں کو قابو کرنے میں قطعی طورپر ناکام ہوگئی ہے، چوہدری محمد صادق

بدھ 23 اکتوبر 2019 19:19

چکوال۔ 23 اکتوبر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 23 اکتوبر2019ء)ضلع چکوال میں سرکاری پرائس کنٹرول کمیٹی اشیاء ضرورت کی قیمتوں کو قابو کرنے میں قطعی طورپر ناکام ہوگئی ہے اور دکانداروں اور تاجروں کو من مانی قیمتوں پر فروخت کرنے کی کھلی چھٹی دے دی گئی ہے۔ یہ بات بدھ کے روز سابق سیکرٹری بار چوہدری محمد صادق، سینئر قانون دان عارف امیر رانجھا اور سردار نواز خان نے اخبار نویسوں سے گفتگو کرتے ہوئے بتائی۔

(جاری ہے)

عارف امیر رانجھا نے بتایا کہ مارکیٹ کمیٹی کے اہلکار سبزی اور فروٹ کی قیمتوں کا پروانہ دکانداروں اور ریڑھی بانوں کے حوالے کر جاتے ہیں اور ایک بھی ریڑھی بان اور دکاندار ان قیمتوں پر عملدرآمد نہیں کرتا اور ریڑھی بان اور دکاندار من مانی قیمتیں وصول کررہے ہیں، سردار نواز خان ایڈووکیٹ نے بتایا کہ دیہی علاقوں میں تو صورتحال مزید ناگفتہ بہ ہے، چکوال شہر کے مقابلے میں بیس سے تیس فیصد مقرر کردہ نرخوں سے زائد قیمت وصول کی جا رہی ہے۔تینوں رہنمائوں نے ضلعی انتظامیہ سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ اس صورتحال کو بہتر بنائیں اور عوام کو دونوں ہاتھوں سے لوٹنے والے ان دکانداروں اور تاجروں کا محاسبہ کیا جائے۔

چکوال میں شائع ہونے والی مزید خبریں