اشیائے ضروریہ کی قیمتوں کو مقررہ سطح پر رکھ کر عوام کو ریلیف کی فراہمی یقینی بنائی جائیگی،بلال ہاشم

پرائس کنٹرول اور کوالٹی چیکنگ میکانزم کو ہمہ وقت فعال و متحرک بنایا گیا ہے،ڈپٹی کمشنر چکوال

منگل 29 ستمبر 2020 23:44

چکوال(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 29 ستمبر2020ء)ڈپٹی کمشنر چکوال بلال ہاشم نے کہا ہے کہ ضلع میں اشیائے ضروریہ کی قیمتوں کو مقررہ سطح پر رکھ کر عوام کو زیادہ سے زیادہ مارکیٹ ریلیف کی فراہمی یقینی بنائی جائے گی جس کے لئے پرائس کنٹرول اور کوالٹی چیکنگ میکانزم کو ہمہ وقت فعال و متحرک بنایا گیا ہے۔ انہوں نے یہ بات ڈسٹرکٹ پرائس کنٹرول کمیٹی کے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کہی۔

اس موقع پر اے ڈی سی جی مہرین فہیم عباسی ، ڈی او انڈسٹریز و دیگر سرکاری محکموں کے افسران اور انجمن تاجران کے عہدیداران و نمائندگان بھی موجود تھے۔ ڈپٹی کمشنر کیپٹن ریٹائرڈ بلال ہاشم نے اجلاس کے دوران مارکیٹ میں اشیائے ضروریہ کی دستیابی اور قیمتوں کا تفصیلی جائزہ لیتے ہوئے پرائس کنٹرول کمیٹی کی مشاورت سے نظر ثانی شدہ نرخوں کا تعین کیا اور انجمن تاجران کے عہدیداران کو تاکید کی کہ دکانداروں کو اشیائے خوردونوش کے مقررہ نرخوں پر عملدرآمد کا پابند بنایا جائے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ کسی دکاندار کو صارفین کا استحصال نہیں کرنے دیا جائے گا۔ ڈپٹی کمشنر نے پرائس کنٹرول مجسٹریٹس کو ہدایت کی کہ مارکیٹ میں اچانک چیکنگ کر کے مقررہ نرخوں کا نفاذ یقینی بنایا جائے اور اشیائے ضروریہ کی دستیابی اور کوالٹی پر بھی کڑی نظر رکھی جائے تاکہ کوئی دکاندار ذخیرہ اندوزی اور گھٹیا اشیاء فروخت کرنے کا ارتکاب نہ کر سکے

چکوال میں شائع ہونے والی مزید خبریں