چکوال،جماعت اسلامی واحد جماعت ہے جو حقیقی معنوں میں اپوزیشن کا کردار ادا کررہی ہے ،ڈاکٹرطارق سلیم

پیر 26 اکتوبر 2020 23:10

چکوال(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 26 اکتوبر2020ء) جماعت اسلامی شمالی پنجاب کے امیر ڈاکٹر طارق سلیم نے پیر کے روز بتایا کہ جماعت اسلامی ملک کی واحد جماعت ہے جو حقیقی معنوں میں اپوزیشن کا کردار ادا کررہی ہے جبکہ دوسری طرف اپوزیشن جماعتیں موجودہ حکومت کو مضبوط کررہی ہیں۔ چکوال پریس کلب میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے ڈاکٹر طارق سلیم نے مزید کہا کہ اپوزیشن اگر واقعی موجودہ حکومت کو ختم کرنا چاہتی ہے تو وہ پارلیمنٹ سے استعفیٰ دے ، جماعت اسلامی کے پارلیمنٹرینز بھی استعفیٰ دیں گے مگر اپوزیشن جماعتیں کبھی بھی استعفیٰ نہیں دیںگے۔

انہوں نے کہا کہ ملک کے موجودہ مسائل کا حل صرف اور صرف اسلامی نظام کے عملی نفاذ میں ہے۔ انہوں نے کہا کہ ملک کو مدینہ کی ریاست بنانے والے قطعی طور پر ناکام ہوچکے ہیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے اس امر پر بھی افسوس کا اظہار کیا کہ گزشتہ اڑھائی سالوں میں یہاں کے منتخب نمائندوں نے ضلع چکوال کے پندرہ لاکھ عوام کی بہتری کیلئے کوئی کام نہیں کیا۔ اس موقع پر ضلعی امیر اشرف آصف اور سیکرٹری جنرل افتخار احمد بھی موجود تھے۔

امیر جماعت اسلامی شمالی پنجاب ڈاکٹر طارق سلیم نے مزید کہا ہے کہ پی ڈی ایم کی تحریک سے حکومت کو کوئی فرق نہیں پڑے گا اپوزیشن جماعتیں اگر یہی چاہتی ہیں کہ حکومت کو گھربھیجا جائے تواپوزیشن جماعتوں کے تمام اراکین اسمبلی مستعفی ہو جائیں۔حکومت خود بخود گھر چلی جائے گی ،جماعت اسلامی کو پی ڈی ایم سے شدید تحفظات ہیں وہ یہاں چکوال میں جماعت اسلامی کی حلف برداری کی تقریب میں شرکت سے قبل پریس کانفرنس سے خطاب کر رہے تھے۔

اس موقع پر نومنتخب امیر جماعت اسلامی ضلع چکوال محمد اشرف آصف اورسیکرٹری جنرل مولانا افتخار بھی موجود تھے۔ ڈاکٹر طارق سلیم کا کہنا تھا کہ پی ڈی ایم کو چاہئے کہ وہ حکومت کو گھر بھیجنے اور مسائل کے حل کے لیے کوئی سنجیدہ ایجنڈا بنائے۔انہوں نے کہا کہ جب بھی حکومت پر مشکل وقت آتا ہے تو یہی اپوزیشن حکومت کا ساتھ دیتی ہے جس کی وجہ سے حکومت کو پھر سہارا مل جاتا ہے۔

ڈاکٹر طارق سلیم کا کہنا تھا کہ موجودہ حکومت کو کسی اپوزیشن کی ضرورت نہیں ،حکومت کے اندر خود بعض وزرائ اپوزیشن کا کردار ادا کر رہے ہیں ،عمران خان وزیراعظم تو بن گئے مگران کا کردار آج بھی اپوزیشن لیڈر جیسا ہی ہے ملک انتہائی نازک حالات سے گزر رہا ہے۔ہر طرف افراتفری کا عالم ہے اور ہر شخص ایک انجانے خوف میں مبتلا ہے۔ مہنگائی بڑھتی جا رہی ہے ،ادویات کی قیمتیں کنٹرول سے باہر ہیں ،پینے کا پانی تک میسر نہیں۔

سڑکوں کی حالت انتہائی ناگفتہ بہ ہے۔انہوں نے کہا کہ موجودہ حکومت کی ناکامی کی سب سے بڑی وجہ یہ ہے کہ اس میں بہت سارے لوگ ایسے ہیں جودوسری جماعتوں سے آئے اور تمام جماعتوں کا اتحاد عوام کو کوئی چیز ڈلیور کرنے میں کامیاب نہیں ہوا۔ امیدیں ٹوٹ رہی ہیں اور مایوسی میں بدل گئی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ملک کی سب سے بڑی پارٹی کا یہ خیال ہے کہ ووٹ کو عزت نہیں دی جا رہی مگر وہ وقت یاد کریں جب وہ اقتدار میں رہے تو انہوں نے خود ووٹ اور ووٹر کو عزت نہیں دی۔

انہوں نے کہا کہ جماعت اسلامی بلدیاتی الیکشن میں بھرپور حصہ لے گی اور اپوزیشن جماعت اور حکومت کی چھتری کے نیچے کام کرنے والے بے نقاب ہونگے۔ ڈاکٹر طارق سلیم کا کہنا تھا کہ موجودہ حکومت انڈوں سے شروع ہوئی اور مرغیوں تک کا سفر کیا مگر اب نہ انڈے ہیں نہ مرغی۔انہوں نے کہا کہ جماعت اسلامی نے ہر شکل گھڑی میں قوم کا ساتھ دیا ہے ،دریں اثنائ امیر جماعت اسلامی صوبہ پنجاب ڈاکٹر طارق سلیم نے نومنتخب امیر جماعت اسلامی ضلع چکوال محمد اشرف آصف سے حلف لیا۔حلف برداری کی تقریب میں ضلع بھر سے جماعت اسلامی کے عہدیداران و کارکنان نے شرکت کی۔

چکوال میں شائع ہونے والی مزید خبریں