چکوال،ضلع بھر میں کورونا ایس او پیز پرمکمل عملدرآمد یقینی بنانے کیلئے سخت احکامات جاری

ایس او پیز کی خلاف ورزی پر فوری اور سخت ایکشن لیا جائے گا،ڈپٹی کمشنر کیپٹن ریٹائرڈ بلال ہاشم

منگل نومبر 23:04

چکوال(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 24 نومبر2020ء) ڈپٹی کمشنر کیپٹن ریٹائرڈ بلال ہاشم نے ضلع بھر میں سرکاری دفاتر، بازاروں و کاروباری اداروں، پبلک ٹرانسپورٹ گاڑیوں و اڈوں اور دیگر تمام عوامی مقامات پر کورونا ایس او پیز پرمکمل عملدرآمد یقینی بنانے کے لئے سخت احکامات جاری کئے ہیں اور خبردار کیا ہے کہ ایس او پیز کی خلاف ورزی پر فوری اور سخت ایکشن لیا جائے گا۔

انہوں نے یہ احکامات ضلع میں کورونا ایس او پیز پر عملدرآمد کے جائزہ کے لئے منعقدہ اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے جاری کئے۔ اجلاس میں اے ڈی سی جی عنبر گیلانی، اسسٹنٹ کمشنرز، محکمہ صحت، میونسپل اداروں اور دیگر سرکاری محکموں کے افسران نے شرکت کی۔ ڈپٹی کمشنر کیپٹن ریٹائرڈ بلال ہاشم نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ضلع بھر میں ہر سطح پر اچانک چیکنگ کے ذریعے کورونا ایس او پیز پر عملدرآمد کی مانیٹرنگ کی جا رہی ہے اور ایس او پیز کی خلاف ورزی پر سخت قانونی کارروائی کا عمل جاری ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے واضح کیا کہ ضلعی انتظامیہ نے ایس او پیز پر عمل نہ کرنے والوں کے خلاف زیرو ٹالرینس پالیسی اختیار کر رکھی ہے اور ضلع کے طول و عرض میں کسی بھی جگہ خلاف ورزی کرنے والا کوئی بھی شخص قانونی کارروائی سے بچ نہیں پائے گا۔ انہوں نے عوام سے کہا کہ کورونا کے خلاف حفاظتی تدابیر اختیار کرنے میں ان کی اپنی ہی صحت کا تحفظ ہے اور ضلعی انتظامیہ سمیت تمام حکومتی ادارے بھی صحت عامہ کے تحفظ کے لئے ہی کوشاں ہیں۔ ڈپٹی کمشنر نے اسسٹنٹ کمشنرز اور دیگر انتظامی افسران کو ہدایت کی کہ روزانہ کی بنیاد پر اچانک چیکنگ کا سلسلہ برقرار رکھتے ہوئے کورونا ایس او پیز کا سخت نفاذ یقینی بنایا جائے اور خلاف ورزی کا ارتکاب کرنے والوں کے خلاف موقع پر قانونی کارروائی مکمل کی جائے۔

متعلقہ عنوان :

چکوال شہر میں شائع ہونے والی مزید خبریں:

Your Thoughts and Comments