وزیر اعلی پنجاب کا فراخدلانہ رمضان پیکج ان کے فلاحی ویژن کا عکاس ہے ،راجہ راشد حفیظ

اربوں روپے کے رمضان پیکج کی بدولت صوبہ بھر میں عام آدمی کو بہت بڑا ریلیف میسر آیا ہے،وزیر خواندگی

پیر 3 مئی 2021 20:21

چکوال(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 03 مئی2021ء) وزیر اعلی پنجاب سردار عثمان بزدار کا فراخدلانہ رمضان پیکج ان کے فلاحی ویژن کا عکاس ہے اور اربوں روپے کے اس رمضان پیکج کی بدولت صوبہ بھر میں عام آدمی کو بہت بڑا ریلیف میسر آیا ہے۔ یہ بات پنجاب کے وزیر خواندگی و غیر رسمی بنیادی تعلیم راجہ راشد حفیظ نے دورہ چکوال کے موقع پر ڈپٹی کمشنر کیپٹن ریٹائرڈ بلال ہاشم کے ہمراہ شہر میں رمضان بازار کے معائنہ کے دوران گفتگو کرتے ہوئے کہی۔

اس موقع پر اے سی چکوال عمر سرور ، سی او میونسپل کمیٹی افتخار ایلی اور دیگر متعلقہ شعبوں کے افسران بھی موجود تھے۔ معائنہ کے دوران اشیائے ضروریہ کے سستے سٹالز پر صوبائی وزیر کو بریفنگ دی گئی۔ صوبائی وزیر راجہ راشد حفیظ کو بتایا گیا کہ ضلع کے رمضان بازاروں میں عوام کو چینی 65 روپے فی کلو اور آٹے کا دس کلو وزنی تھیلا 375 روپے کے ارزاں نرخ پر فراہم کیا جارہاہے جبکہ ہر رمضان بازار میں قائم محکمہ زراعت کی فیئر پرائس شاپ پر سبزی ، فروٹ ، بیسن اور دالوں سمیت تیرہ اشیائے ضروریہ عوام کو 25 فی صد کم نرخوں پر مہیا کی جا رہی ہیں۔

(جاری ہے)

صوبائی وزیر نے رمضان بازار میں ایگریکلچرل فئیر پرائس شاپ کے ساتھ ساتھ کریانہ ، سبزیوں ، پھلوں ، چھوٹے اور بڑے گوشت ، مشروبات ، سستی چینی اور سستے آٹے سمیت تمام رعایتی سٹالز کا تفصیلی معائنہ کر کے اشیائے ضروریہ کی دستیابی ،قیمتوں اور کوالٹی کا جائزہ لیا اور سٹالوں پر خریداری کے لئے موجود لوگوں سے ریلیف کے بارے دریافت کیا۔ انہوں نے رمضان بازار میں شہریوں کو فراہم کئے جانے والے ریلیف پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے عوام الناس سے کہا کہ حکومت پنجاب کے رمضان پیکج کے تحت لگائے گئے سبسڈی سٹالز ، فیئر پرائس شاپس،دیگر رعایتی سٹالز سے خریداری کر کے زیادہ سے زیادہ ریلیف کی سہولت سے بھر پور فائدہ اٹھائیں۔

انہوں نے رمضان بازار کی انتظامیہ کو ہدایت کی کہ کورونا ایس او پیز پر مکمل عملدرآمد کڑی نگرانی کے تحت برقرار رکھا جائے۔ قبل ازیں چکوال آمد پر راجہ راشد حفیظ نے ڈپٹی کمشنر کیپٹن ریٹائرڈ بلال ہاشم کے ہمراہ امید ہسپتال میں قائم کورونا ویکسی نیشن سینٹر کا معائنہ کیا جس کے دوران سی ای او ہیلتھ ڈاکٹر سعادت علی خان نے انہیں تفصیلی بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ اس سینٹر سمیت ضلع کے چھ ویکسی نیشن سینٹرز پر اب تک 19431 افراد کی کورونا کے خلاف حفاظتی ویکسی نیشن کی جا چکی ہے جن میں 16158 عام شہری اور 3273 فرنٹ لائن ہیلتھ کیئر ورکرز شامل ہیں۔

صوبائی وزیر نے ضلعی انتظامیہ کے زیر نگرانی جاری کورونا ویکسی نیشن کے عمل کو اطمینان بخش قرار دیا اور ڈسٹرکٹ ہیلتھ اتھارٹی کی انتظامیہ کو تاکید کی کہ کورونا ویکسی نیشن کے عمل کو مکمل مانیٹرنگ کے تحت تکمیل کی جانب بڑھایا جائے۔

چکوال میں شائع ہونے والی مزید خبریں